ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے کو ملنے والے سفوف نے ہلچل مچادی

ویب ڈیسک  منگل 13 فروری 2018
تصدیق ہوئی ہے کہ سفوف غیرمضر تھا اور ونیسا ٹرمپ بھی جسمانی طور پر متاثر نہیں ہوئی، نیویارک پولیس  : فوٹو : اے ایف پی

تصدیق ہوئی ہے کہ سفوف غیرمضر تھا اور ونیسا ٹرمپ بھی جسمانی طور پر متاثر نہیں ہوئی، نیویارک پولیس : فوٹو : اے ایف پی

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ٹرمپ جونیئر کوملنے والے سفید سفوف سے بھرے ایک خط نے ہلچل مچادی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کے بیٹے اور بہو کو ایک خط ملا جس میں سفید پاؤڈر موجود تھا۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ نامعلوم مقام سے آنے والا خط ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ٹرمپ جونیئر کے نام تھا جس پر مین ہٹن اپارٹمنٹ کا پتا درج تھا۔ خط امریکی صدر کی بہو ونیسا ٹرمپ نے کھولا جس میں مبینہ طور پر سفید سفوف موجود تھا، موقع پرموجود امریکی صدر کی بہو اور دیگر 2 افراد کو فوری طور پر اسپتال پہنچا دیا گیا تا کہ جانچ کی جاسکے کہ سفید پاؤڈر نقصان دہ ہے یا نہیں، تاہم تصدیق ہوئی ہے کہ سفوف غیرمضر تھا اور ونیسا ٹرمپ متاثر نہیں ہوئی۔ ٹرمپ جونیئر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ ان کا خاندان محفوظ ہے تاہم یہ واقعہ قابلِ مذمت اور ناخوشگوار ہے۔

امریکی سیکرٹ سروس حکام کا کہنا ہے کہ 2001 میں قانون سازوں اور صحافیوں کو ڈاک کے ذریعے زہریلا مواد انتھراکس بھیجا گیا تھا جس میں 5 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی اس کے بعد ایجنسی انتہائی محتاط ہے اور ٹرمپ کی بہو کو ملنے والے مشکوک پیکٹ کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ٹرمپ جونیئر کے اپارٹمنٹ کو اب صاف کیا جا رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سینڈرز نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے بہو سے فون پر رابطہ کرکے خیریت معلوم کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔