گلوکارہ ناہید اختر کو خدمات کے اعتراف میں ایک کروڑ روپے کا چیک

ویب ڈیسک  منگل 13 فروری 2018
پنجاب حکومت کی طرف سے معروف گلوکارہ ناہید اخترکو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا گیا، فوٹوفائل

پنجاب حکومت کی طرف سے معروف گلوکارہ ناہید اخترکو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا گیا، فوٹوفائل

لاہور: پنجاب حکومت نے نامور گلوکارہ ناہید اختر کو موسیقی کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں منعقدہ تقریب کے دوران ترجمان حکومت پنجاب ملک احمد خان نے وزیراعلیٰ کی نمائندگی کرتے ہوئے گلوکارہ ناہید اختر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک کروڑ روپے کاچیک دیا۔

اس موقع پر ملک احمد خان نے کہا کہ ناہید اختر نے موسیقی میں نیا انداز متعارف کراکے صحیح معنوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا، بلاشبہ پاکستان میں موسیقی کے شعبے میں گلیمر ناہید اخترکی وجہ سے آیا، ان کے گانے آج بھی مقبول عام ہیں۔

واضح رہے کہ 70 کی دہائی میں پیش کیے گئے ثقافتی پروگرام ’’لوک میلہ‘‘کے ذریعے اپنی مدھر اور خوبصورت آواز سے لوگوں کو متاثر کرنے والی پاکستان کی لیجنڈ گلوکارہ ناہید اختر نے موسیقی کی دنیا میں خوب نام کمایا ۔ فلم ’’ننھا فرشتہ‘‘کے نغمے’’دل دیوانہ دل‘‘نے ناہید اختر کی شہرت میں مزید اضافہ لیکن فلم شمع کے گیت ’’کسی مہرباں نے آکے میری زندگی سجادی‘‘ نے ان کی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ کردیا۔ موسیقی کی دنیا میں گراں قدر خدمات انجام دینے کے لیے انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔