امریکا میں لڑکی نے کرائے کے قاتل سے خود کو قتل کرالیا

ویب ڈیسک  بدھ 14 فروری 2018
امریکی ریاست کولاراڈو کی رہائشی میری بولنگر نے قاتل کا اشتہار دے کر خود اپنے آپ کو قتل کروادیا۔ فوٹو: بشکریہ یاہونیوز

امریکی ریاست کولاراڈو کی رہائشی میری بولنگر نے قاتل کا اشتہار دے کر خود اپنے آپ کو قتل کروادیا۔ فوٹو: بشکریہ یاہونیوز

بولڈر سٹی، امریکا: ایک امریکی شخص کو 19 سالہ لڑکی کے قتل کے بعد جب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس نے انکشاف کیا کہ لڑکی نے کرائے کے قاتل کا اشتہار دیا تھا اور وہ کسی اور کو نہیں خود کو قتل کروانا چاہتی تھی۔

لڑکی کے قاتل 22 سالہ مائیکل لوپیز نے عدالت میں بتایا کہ اس نے امریکا میں ذاتی اشتہاروں والی ایک ’کریگ لسٹ‘ میں 19 سالہ لڑکی میری بولنگر کا ایک اشتہار دیکھا جس میں وہ کسی ایسے اجرتی قاتل کی تلاش میں تھی جو اسے قتل کردے کیونکہ وہ کئی بار خودکشی کے بارے میں سوچ چکی ہے۔

قاتل مائیکل لوپیز نے بتایا کہ پہلے اس نے لڑکی سے بات کرنے کی کوشش کی کہ وہ موت کا خیال ترک کردے لیکن بارہا کوشش کے باوجود وہ اپنی جان لینے پر اصرار کرتی رہی۔ اس کےبعد وہ لڑکی کو ایک سنسان سڑک پر لے گیا اور روڈ کے ساتھ کچھ دور چلنے کے بعد دونوں نے ایک جگہ رک کر دعا مانگی۔

مائیکل لوپیز نے بتایا کہ اس کے بعد میری بولنگر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئی اور اس کے بعد میں نے اس کے سر کی پشت پر رکھ کر گولی چلادی جس سے اس کی فوری موت واقع ہوگئی۔

لوپیز نے اعتراف کیا کہ اس نے نائن ایم ایم پستول سے فائر کرکے لڑکی کو قتل کیا لڑکی نے اسے کوئی رقم نہیں دی بلکہ اسے کہا کہ وہ قتل کے بعد یہ قیمتی پستول بطور معاوضہ رکھ سکتا ہے۔

امریکی شہر بولڈر کے قریب بروم فیلڈ میں یہ لڑکی رہتی تھی اور اس کی لاش 29 دسمبر کو ایک ویران جگہ سے ملی جس کے بعد پولیس نے بہت محنت کے بعد اس کے قاتل کو گرفتار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔