پی ایس ایل تھری؛ تمام میچزمیں ڈی آرایس کا استعمال

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 14 فروری 2018
آئی سی سی کے امپائرز کوچ ڈینس برنز کی نگرانی میں 2روزہ ورکشاپ کاآغاز ۔ فوٹو : فائل

آئی سی سی کے امپائرز کوچ ڈینس برنز کی نگرانی میں 2روزہ ورکشاپ کاآغاز ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  پی ایس ایل تھری کے تمام میچز میں ڈی آر ایس کا استعمال ہوگا آئی سی سی کے امپائرز کوچ ڈینس برنز کی نگرانی میں 2روزہ ورکشاپ کا آغاز ہوگیاہے جس میں ایونٹ کیلیے منتخب امپائرز اور میچ ریفریز شریک ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ریویو سسٹم کا تجربہ پہلی بار پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں گذشتہ سال پلے آف میچز کے دوران کیا گیا تھا،آئی سی سی کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی نئی پلیئنگ کنڈیشنز میں ڈی آر ایس کا استعمال تمام ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں لازمی قرار دیا گیا، آسٹریلیا کے اکتوبر میں دورہ بھارت کے دوران مختصرفارمیٹ کے میچز میں پہلی بار کسی انٹرنیشنل سیریز میں ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی تھی۔

پی ایس ایل تھری کے دوران تمام میچز میں ڈی آر ایس کا استعمال ہوگا، ٹریننگ کیلیے  2 روزہ ورکشاپ کا آغاز منگل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا، اس میں ایونٹ کے دوران ذمہ داریاں اداکرنے کیلیے منتخب امپائرز اور میچ ریفریز شریک ہوئے، ریویوسسٹم کے بارے میں مقامی آفیشلز کو آگاہی دینے کیلیے آئی سی سی کے امپائرز کوچ ڈینس برنز کو خاص طور مدعو کیا گیا ہے، ڈی آر ایس کے بہتر استعمال کی ٹریننگ کیلیے کمرے میں لگائی جانے والی بڑی اسکرین سے بھی مدد لی گئی۔

شرکاء نے ڈینس برنز کی بریفنگ غور سے سننے کے بعد اپنے نوٹس مرتب کیے، انھوں نے اسکرین پر دکھائے جانے والے امپائرز کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے مختلف سوالات بھی کیے، آئی سی سی آفیشل نے تفصیلی جوابات دیتے ہوئے حاضرین کے علم میں اضافہ کیا، ورکشاپ بدھ کو بھی جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ ڈینس برنز 2013 سے آئی سی سی امپائرز کوچ کے طورپر کام کررہے ہیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔