ویمن کرکٹ کو فروغ دینے کیلیے 5 سالہ منصوبہ تیار

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 14 فروری 2018
ملتان سمیت ریجنز میں5 ویمن اکیڈمیز قائم، ریجنل کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ فراہم کیا جائیگا، شاہد اسلم
فوٹو : فائل

ملتان سمیت ریجنز میں5 ویمن اکیڈمیز قائم، ریجنل کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ فراہم کیا جائیگا، شاہد اسلم فوٹو : فائل

ملتان:  پی سی بی نے ملک بھر میں گراس روٹ سطح پر ویمن کرکٹ کو فروغ دینے اور منظم کرنے کیلیے 5 سالہ منصوبہ پیش کردیا۔

قومی ویمن ٹیم کے کوچ مارک کولز کا کہنا ہے کہ بسمہ معروف اور جویریہ کی بیٹنگ نے متاثر کیا، پلیئرزکی فٹنس پر خاص توجہ دی جائے گی۔ پاکستانی بیٹسمین بڑے شاٹس اچھے انداز میں کھیلتے ہیں تاہم بڑی اننگز کھیلنے کیلیے انھیں تیار کرنے کی ضرورت ہے، ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں کارکردگی کی بنیاد پر دورہ سری لنکا کیلیے قومی اسکواڈ منتخب کریں گے۔ کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کے سینئر جنرل منیجر شاہد اسلم نے کہا کہ ملتان سمیت مختلف شہروں میں پانچ ویمن کرکٹ اکیڈمیاں بنائی جائیں گی۔ اسکولز‘ کالجز اور یونیورسٹیز سے ٹیلنٹ تلاش کرکے تربیت دی جائے گی۔

پروگرام میں ویمنز پی ایس ایل سمیت ریجنل کرکٹرز کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ملک میں ویمن کرکٹ کے فروغ کیلیے 5 سالہ پلان پیش کر دیا، کرکٹ بورڈ ویمن ونگ کے سینئر جنرل منیجر شاہد اسلم نے انضمام الحق ہائی پرفارمنس سینٹر ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں ویمنز پی ایس ایل سمیت ریجنل کرکٹرز کیلیے سینٹرل کنٹریکٹ فراہم کیا جائے گا، کرکٹ بورڈ نے ویمنز کوچ سمیت فزیکل ٹرینر اور دیگر اسٹاف کو بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ملتان سمیت مختلف شہروں میں پانچ ویمن کرکٹ اکیڈمیاں بنائی جائیں گی، اسکولز‘ کالجز اور یونیورسٹیز سے ٹیلنٹ تلاش کرکے تربیت دی جائے گی۔ گراس روٹ سطح پر خواتین کرکٹ مضبوط ہو گی، اکیڈمیاں کرکٹ بورڈ کی زیر نگرانی کام کریں گی جس میں سال بھر تربیت کا عمل جاری رہے گا۔

کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی کے منصوبے سے آئندہ چند برسوں میں ویمن کرکٹ کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک کولز نے کہا کہ پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کی سینئر رکن بسمہ معروف اور جویریہ کی بیٹنگ سے متاثر ہوا ہوں، ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کا پلان تشکیل دیا ہے۔ ٹیم کی کارکردگی فٹنس سے مشروط ہے اسی طرف خاص توجہ دی جائے گی۔

پاکستانی بیٹسویمن بڑے شاٹس اچھے انداز میں لگاتی ہیں تاہم بڑی اننگز کھیلنے کیلیے انھیں تیار کرنے کی ضرورت ہے، رواں سال مصروف شیڈول ہونے کی وجہ سے ہر ایونٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ٹرائنگولر چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالی ٹیموں میں شامل کرکٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جس کی بنیاد پر دورئہ سری لنکا کیلیے 14 رکنی اسکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی سے متاثر ہوا۔ آسٹریلیا‘ انگلینڈ کا ڈومیسٹک نظام بہت مضبوط ہے‘ پاکستان میں ویمنز کرکٹ تاخیر سے شروع ہوئی جس کی وجہ سے عالمی رینکنگ میں 7 ویں نمبر پر ہے۔ عالمی رینکنگ بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔