بالائی علاقوں میں برفباری سے نظام زندگی مفلوج

نمائندگان ایکسپریس  بدھ 14 فروری 2018
پشاور اور سخاکوٹ میں متعدد مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، چترال کا زمینی رابطہ منقطع، فوٹو : ایکسپریس

پشاور اور سخاکوٹ میں متعدد مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں، چترال کا زمینی رابطہ منقطع، فوٹو : ایکسپریس

 اسلام آباد /  راولپنڈی / پشاور /  مظفر آباد:  ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں، چترال، گلیات، ٹھنڈیانی کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ 3 روز سے جاری برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے، لوگ گھروں تک محصور ہوکررہ گئے جبکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ بارش، برف باری اور سرد ہواؤں کی وجہ سے ٹھنڈ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ منگل کے روز بھی ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کاسلسلہ جاری رہا، لواری ٹنل کے قریب 5، گلیات اورڈونگاگلی میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گلیات، ٹھنڈیانی اور بکوٹ کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں، مواصلاتی نظام شدید متاثر ہو گیا ہے، ایبٹ آباد شہر، سرکل حویلیاں، سرکل لورہ اور سرکل شیروان میں ہونے والی شدید بارش اور ہلکی برف باری سے سردی کی شدت میں  اضافہ ہوگیا ہے جبکہ نتھیا گلی، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی، خیرا گلی، ایوبیہ، خانسپور، ٹھنڈیانی اور سرکل بکوٹ کے پہاڑی علاقوں میں بھی برف باری کے باعث رابطہ سڑکیں کئی مقامات پر بند ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مری میں گاڑیوں، درختوں، پہاڑوں اور مکانات نے برف کی سفید چادر تان رکھی ہے۔

مری میں اب تک 2 فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے مری آنے والے سیاحوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاح مری آتے ہوئے اپنی گاڑی بہت احتیاط سے ڈرائیوکریں، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں، پشاورصدر اور تھانہ منڈا کے گاؤں ہاشم میں بارشوں کے باعث چھتیں گرنے سے 4 افراد اور ایک فرد کھائی میں گرنے سے جاں بحق ہوگیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ شانگلہ میں برفباری سے مین لائن ٹوٹ جانے کی وجہ سے وادی میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی پہاڑی سلسلوں اور درہ کوژک کے پہاڑی سلسلوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، شہر اور میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، گیس کی سہولت سے محروم عوام کا دارو مدار صرف کوئلہ اور لکڑیوں پر ہو رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔