سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر پرویزمشرف پر جوتا پھینکنے کی کوشش

ویب ڈیسک  جمعـء 29 مارچ 2013
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیرعالم نے معاملے کا نوٹس لے کر رجسٹرار سے ہنگامہ آرائی کی فوٹیج طلب کر لی ہے فوٹو ایکسپریس نیوز

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیرعالم نے معاملے کا نوٹس لے کر رجسٹرار سے ہنگامہ آرائی کی فوٹیج طلب کر لی ہے فوٹو ایکسپریس نیوز

کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے دوران سابق صدر پرویز مشرف پر جوتا پھینکنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ بال بال بچ گئے۔

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ججز برطرفی کیس میں ضمانت کی توسیع کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر وکلانے شدید ہنگامہ آرائی کی اورکمرہ عدالت میں گھسنے کی کوشش کی جسے رینجرز نے ناکام بنا دیا، ہنگامہ آرائی کے دوران سابق صدرپرویزمشرف پر جوتا پھینکنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ بال بال بچ گئے، جوتا اچھالنے والے وکیل تجمل زیدی کوشناخت کرکے رینجرزنے اپنی حراست میں لے لیا ہے۔

پرویزمشرف کی پیشی سے قبل احاطہ عدالت میدان جنگ بنارہا۔ ایک طرف وکلا نے پرویز مشرف کے خلاف قاتل قاتل کے نعرے لگائے گئے تودوسری جانب پرویزمشرف کے حامیوں نے بھی بھرپورجواب دیا پھرایک لمحہ یہ بھی آیا کہ خالی بوتلوں اورجوتوں کا آزادنہ استعمال ہوا۔

سابق صدر جب ججز برطرفی کیس میں اپنی ضمانت کی توسیع کے بعد عدالت سے باہر جارہے تھے تو اس دوران دوسری منزل سے ان پر شیشے کا ٹکڑا بھی پھینکا گیا تاہم وہ اس حملے میں بھی محفوظ رہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مشیرعالم نے پرویزمشرف کی آمد کے موقع پرہنگامہ آرائی کانوٹس لیتے ہوئے جسٹرارکوہدایت کی ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے ہنگامہ آرائی کرنے والوں کاتعین کیاجائے۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر2011 میں بھی لندن میں بھی ایک طالب علم نے جوتا پھینکنے کی ناکام کوشش کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔