پلے آف میچز:ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کاآج آغاز

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 15 فروری 2018
 افتتاحی تقریب میں کلاسیکل/جاز گروپ سچل آرکسٹرا بھی پرفارم کرے گا
۔ فوٹو : فائل

 افتتاحی تقریب میں کلاسیکل/جاز گروپ سچل آرکسٹرا بھی پرفارم کرے گا ۔ فوٹو : فائل

لاہور:  پی ایس ایل تھری کی افتتاحی تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کلاسیکل/جاز گروپ سچل آرکسٹرا بھی پرفارم کرے گا،لاہور میں دونوں پلے آف میچز کیلیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعرات سے شروع ہوگی،بچ جانے والے ٹکٹ کوریئر کمپنی کے کاؤنٹرز پر دستیاب ہونگے،نرخ 1000سے 6000ہزار تک رکھے گئے ہیں۔

پی ایس ایل تھری کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے والوں میں امریکی جیسن ڈیرولو، عابدہ پروین، علی ظفر اور شہزاد رائے کے نام تو پہلے ہی سامنے آگئے تھے، اب پی سی بی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کلاسیکل/جاز گروپ سچل آرکسٹرا بھی اپنے مخصوص انداز میں قومی ترانہ پیش کرے گا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا آغاز 22 فروری کو ہوگا،رنگارنگ افتتاحی تقریب دبئی میں ہونی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں20اور21مارچ کو شیڈول 2 پلے آف میچز کیلیے ٹکٹوںکی فروخت جمعرات سے شروع ہوجائے گی، کراچی میں 25مارچ کو ہونے والے فائنل کے ٹکٹ یکم مارچ سے دستیاب ہونگے۔لاہور میں آن لائن بکنگ کرانے والے بعد ازاں ایک کوریئر کمپنی سے اپنے ٹکٹ حاصل کرسکیں گے،بچ جانے والے  ٹکٹ کاؤنٹرز پر بھی فروخت کیلیے پیش کیے جائیں گے۔

شائقین میں پی ایس ایل کے حوالے سے خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر ٹیموں کے پرستاروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور وہ اپنی پسندیدہ ٹیموں کے سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں،گذشتہ روز شائقین لاہور میں پلے آف میچز اور کراچی میں فائنل کے ٹکٹوں کا شیڈول جاری کیے جانے کے منتظر نظر آئے، پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کے نرخ 1000 سے 6000 ہزار تک رکھے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔