ایدھی سینٹر نے 2 کمسن بہن بھائی والد کے حوالے کر دیے

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 15 فروری 2018
ایدھی سینٹر میں بہن بھائی والد کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

ایدھی سینٹر میں بہن بھائی والد کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  ایدھی سینٹر نے ڈیفنس فیز ٹو سے تین دن قبل لاوارث حالت میں ملنے والے 2 کمسن بہن بھائی والد کے حوالے کر دیے۔

ڈیفنس فیز ٹو سے تین دن قبل لاوارث حالت میں ملنے والے 2 کمسن بہن بھائی 8 سالہ عیشا اور بیٹا 6 سالہ جمیل کا والد نصیر رحیم یار خان سے ایدھی سینٹر ٹاور پہنچ گیا جہاں اس نے فیصل عبدالستار ایدھی کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے میرے بچوں کو حفاظت میں لے کر کسی مشکل سے بچایا۔

نصیر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد گھر لے جانے کیلیے آیا ہے تاہم اس سے قبل ڈیفنس کے رہائشی فہد شہزاد نامی شخص نے ایدھی سینٹر میں درخواست دی تھی کہ 2 بچے جن کا نام عیشا نصیر اور جمیل نصیر ہیں ہمارے گھر پر ملازمت کرتے تھے اور گھر سے ہمارا قیمتی سامان لے کر بھاگ گئے تھے جبکہ انھوں نے پولیس میں بھی رپورٹ کرائی تھی، اب یہ بچے ایدھی فاؤنڈیشن کو مل گئے ہیں ہم انھیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کے پاس جو بیگ تھا اسے فہد شہزاد کو دکھایا گیا جس میں کپڑے اور کچھ ٹوٹے ہوئے کھلونے تھے تاہم بعدازاں دونوں بہن بھائیوں کو تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے والد نصیر کے حوالے کر دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔