فائر فائٹنگ کے شعبے میں نئے باب کا اضافہ

 جمعرات 15 فروری 2018
کنکریٹ میں سوراخ کردینے والی واٹرگن انسانی جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

کنکریٹ میں سوراخ کردینے والی واٹرگن انسانی جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فائر فائٹنگ کے شعبے میں نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔

آتشزدگی کے نتیجے میں انسانی ہلاکتوں اور املاک کی تباہی کی خبریں آئے روز ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی ہیں۔ آتش زدگی کے واقعات میں بیشتر ہلاکتیں اس وجہ سے ہوتی ہیں کہ فائرفائٹرز آگ بجھانے میں ناکام رہتے ہیں اور آگ کمروں اور برآمدوں میں پھیل کر انسانوں کو لپیٹ میں لے لیتی ہے۔ بعض اوقات آگ تک پانی کی بوچھاڑ اس لیے نہیں پہنچ پاتی کہ دیواریں اور فولادی دروازے رکاوٹ بن جاتے ہیں۔

ذرا تصور کیجیے اگر عمارت یا کمرے کے اندر لگی ہوئی آگ پر دیوار، دروازہ یا کوئی بھی دوسری رکاوٹ توڑ کر فوراً پانی برسایا جانے لگے تو آگ کی شدت دھیمی پڑتی چلی جائے گی اور قیمتی انسانی جانیں ضایع ہونے سے بچ جائیں گی۔ مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ آگ اور پانی کی بوچھاڑ کے درمیان موجود رکاوٹ سیکنڈوں میں ہٹالی جائے تاکہ آگ بجھانے کا عمل جلدازجلد شروع ہوسکے۔ اس بندوق کی تیاری میں یہی نکتہ مدنظر رکھا گیا ہے۔

’’ پائرولانس‘‘ ایک نئی واٹرگن ہے جو فائرفائٹنگ کے شعبے میں انقلاب بپا کرسکتی ہے اور آتش زدگی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی شرح کو بہت نیچے لاسکتی ہے۔ اس بندوق کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ سیکنڈوں میں فولاد اور کنکریٹ جیسے سخت ترین میٹیریل میں سوراخ کردیتی ہے، پھر اس سوراخ کے ذریعے انتہائی بُلند دباؤ کے ساتھ پانی دوسری جانب لگی آگ پر پھینکتی ہے۔

پائرولانس کے تیارکنندگان کے مطابق ان کی یہ انوکھی پروڈکٹ الٹرا ہائی پریشر ( یو ایچ پی) ٹیکنالوجی سے أراستہ ہے۔ بندوق سے پانی کے قطرے انتہائی بلند دباؤ کے ساتھ نکل کر جب فولاد اور کنکریٹ سے ٹکراتے ہیں تو لمحوں میں ان سخت ترین مادّوں سے بنی دیوار میں سوراخ کردیتے ہیں۔ تین ملی میٹر کے اس سوراخ سے بندوق کا دہانہ لگا کر دوسری جانب لگی ہوئی آگ پر پانی برسایا جاسکتا ہے۔

پائرولانس واٹر گن دو بلاک موٹائی کی حامل دیوار میں تیس سیکنڈ، کنکریٹ کے بلاک میں پینتیس سیکنڈ، اور المونیم کی شیٹ میں دس سیکنڈ اور ہوائی جہاز کی بیرونی دیوار میں محض تین سیکنڈ میں سوراخ کردیتی ہے۔ آگ بجھانے والا یہ سسٹم پندرہ سے اسّی ہزار ڈالر میں دستیاب ہے اور ہوائی اڈوں پر اور مختلف کمپنیوں میں کام یابی سے استعمال کیا جارہا ہے۔ آگ بجھانے میں یہ روایتی طریقوں سے کہیں زیادہ مؤثر ہے اور درجۂ حرارت کو پندرہ سو ڈگری فارن ہائٹ سے ایک منٹ میں دو سو ڈگری پر لے آتا ہے۔

پائرولانس واٹرگن آتش زدہ علاقے میں پھنسے ہوئے انسانوں کی جانیں بچانے میں معاون ہونے کے ساتھ ساتھ فائرفائٹرز کی حفاظت کی ضامن بھی ہے، کیوں کہ اس کی مدد سے وہ قریب جائے بغیر آگ بجھاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔