نمائشی میچ کے لیے شائقین کا جوش وخروش عروج پر پہنچ گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 15 فروری 2018
 آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ فوٹو فائل

آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کریں گے۔ فوٹو فائل

 اسلام آباد: نمائشی میچ کیلیے شائقین کا جوش وخروش عروج پر پہنچ گیا۔

اسلام آبادیونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے مابین نمائشی میچ جمعرات کی شام ساڑھے5بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت مصباح الحق کریں گے، وقاریونس،رومان رئیس، شاداب خان، فلم اسٹار فواد خان اور دیگر بھی میدان میں اتریں گے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سرفراز احمد، معین خان، ندیم عمر،عبدالرزاق، اسد شفیق، انور علی، رمیز راجہ جونیئر،عمرامین، محمدجنید،محمد اعظم خان، فراز احمدخان، نبیل ہاشمی، وقار علی سیداورحسن عمر کے ساتھ فلمسٹار سعود،اداکار فیروز خان، شہروز سبزواری، گلوکار فاخر اور گلوکارہ عائمہ بیگ بھی ایکشن میں ہونگے جب کہ دوسری جانب اسلام آباد  یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز بھی درخت لگائے۔

فاطمہ جناح  پبلک پارک میں ورلڈ وائلڈ لائف فیڈریشن کے اشتراک سے شجر کاری کی مہم  کی پُروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرنچائز ٹیم کے مالک علی نقوی نے کہا کہ درخت لگانا ایک نیک کام ہے، پی ایس ایل کی جیت پر 10ہزار سے زائد درخت لگائے جائیں گے، درختوں سے نہ صرف ماحول کو بہتر بنایا جاسکتا ہے  بلکہ اس سے معاشرے پر  مثبت اثرات بھی مرتب ہوتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ اگر ہر شہری درخت  لگانے کو اپنا مشن بنا لے توہم آئندہ چند برس میں ماحول خوشگوار بناسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔