پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ سے محرومی میں اضافہ

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 15 فروری 2018
دورئہ زمبابوے ممکن نہ ہونے پر1سال میں منسوخ شدہ میچزکی تعداد10 ہو جائیگی۔ فوٹو : فائل

دورئہ زمبابوے ممکن نہ ہونے پر1سال میں منسوخ شدہ میچزکی تعداد10 ہو جائیگی۔ فوٹو : فائل

 لاہور: دورہ زمبابوے ممکن نہ ہونے پر پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ سے محرومی میں بھی اضافہ ہوگا جب کہ ایک سال کے دوران منسوخ  کیے جانے ٹیسٹ میچز کی تعداد10ہوجائے گی۔

زمبابوین کرکٹ بورڈ کی مالی مشکلات کی وجہ سے پاکستان کا جولائی، اگست میں شیڈول دورہ ممکن نظر نہیں آرہا،طویل فارمیٹ کے میچز میں نشریاتی ودیگر اخراجات زیادہ اور آمدنی سب سے کم ہونے کی وجہ سے ایک آپشن یہ بھی ہے کہ ٹیسٹ سیریز ختم کرتے ہوئے صرف محدود اوورز کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے جب کہ آسٹریلیا سمیت سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی  سیریز کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

اگر کسی ایک وجہ سے بھی  طویل فارمیٹ کے میچز کا انعقاد نہ ہوا تو پاکستان کے ایک سال میں منسوخ شدہ ٹیسٹ میچز کی تعداد10ہوجائے گی، اس سے قبل گذشتہ سال ویسٹ انڈیز اور سری لنکا سے سیریز کے دوران ایک،ایک طویل فارمیٹ کے میچ کی قربانی دیدی گئی تھی۔

باہمی تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے بنگلہ دیش اور بھارت کیخلاف سیریز نہ ہونے سے ایف ٹی پی میں موجود 5ٹیسٹ میچز نہ کھیلے جا سکے، زمبابوے کیخلاف سیریز منسوخ ہوئی یا صرف محدود اوورز کے میچز کھیلنے کا فیصلہ کیا تو مزید 2طویل فارمیٹ کے مقابلے نہیں ہونگے،اس کے بعد اکتوبر میں آسٹریلیا کی یواے ای میں میزبانی کرتے ہوئے بھی ایک ٹیسٹ میچ قربان ہوگا۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی بھرپور کوششوں کے باوجود ٹیسٹ میچز کی تعداد کم ہوتی جارہی ہے،مالی فائدے کیلیے دو طرفہ سیریز میں بھی کئی ٹیمیں طویل فارمیٹ کے میچز کم کرکے محدود اوورز کی کرکٹ کو ترجیح دیتی ہیں،پاکستان ٹیم کو گذشتہ ایف ٹی پی میں بھی کم ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔