اسرائیل باز رہے ورنہ مزید سرپرائز ملیں گے، شامی حکومت

خبر ایجنسیاں  جمعرات 15 فروری 2018
شام میں ہلاک ہونے والے روسی شہریوں کا تعلق ملکی فوج سے نہیں تھا، ماسکو ترجمان۔ فوٹو : اے ایف پی

شام میں ہلاک ہونے والے روسی شہریوں کا تعلق ملکی فوج سے نہیں تھا، ماسکو ترجمان۔ فوٹو : اے ایف پی

دمشق / ماسکو:  شامی حکومت نے تنبیہ کی ہے کہ اسرائیل باز رہے تاہم اگر شام پر دوبارہ حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسے مزید سرپرائز ملیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی صدر بشارالاسد نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ شامی ریاستی علاقے میں دوبارہ کسی بھی طرح کی عسکری کارروائی کرنے سے باز رہے لیکن اگر اسرائیل نے پھر بھی ایسا کچھ کیا تو مستقبل میں اسے ماضی قریب کے مقابلے میں اور بھی زیادہ حیران کن حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دریں اثنا شمال مشرقی شام میں امریکی فضائی حملے میں کم از کم 2 روسی جنگجو ہلاک ہوگئے تاہم روس نے ابھی تک ان اموات کی تصدیق نہیں کی، برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان جنگجوئوں کو شامی حکومت کی حامی ایک نجی فوجی کمپنی نے بھرتی کیا تھا۔

امریکی حکام نے کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد کے حامی سیکڑوں جنگجوئوں نے دیر الزور صوبے میں خورشام قصبے کے قریب امریکی حمایت یافتہ تنظیم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف)کے اڈے پر حملہ کیا، جب انھوں نے دریائے فرات عبور کر کے ایس ڈی ایف کے اڈے پر گولہ باری شروع کی اس وقت وہاں امریکی مشیر موجود تھے۔

امریکی حکام نے بتایا کہ امریکا نے اس کے جواب میں 7 فروری کو بمباری کا یہ حملہ پسپا کر دیا تھا، شام کے سرکاری میڈیا نے درجنوں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے وحشیانہ قتلِ عام قرار دیا، اسی دوران روسی وزارتِ دفاع نے کہا کہ شام کے سرکاری فوجیوں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دولت اسلامیہ کے خلاف ایک کارروائی شروع کرنے والے تھے، روس نے اس علاقے میں اپنے کسی شہری کی موجودگی کی تردید کی ہے جبکہ شام میں امریکی فوج کے ایک فضائی حملے میں روسی فوج کے متعدد پرائیویٹ کنٹریکٹرز مارے گئے تھے۔

یہ بات روسی میڈیا کی طرف سے بتائی گئی ہے تاہم روسی صدر ولادی میر پوتن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ان رپورٹس کے بارے میں کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔