کوئٹہ کے سی ٹی ڈی تھانے میں دہشت گردی کا پہلا مقدمہ درج

ویب ڈیسک  جمعرات 15 فروری 2018
گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے فوٹو: فائل

گزشتہ روز کوئٹہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے فوٹو: فائل

کوئٹہ: گزشتہ روز بلوچستان کے دارالحکومت میں پہلی مرتبہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایف سی اہلکار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں پہلی مرتبہ دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ سریاب کے علاقے لانگو آباد میں گزشتہ روز شہید ہونے والے 4 ایف سی اہلکاروں کے قتل کامقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں ایف سی اہلکار کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کوئٹہ اعتزاز گورایہ کا کہنا ہے کہ آئندہ خود کش حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے تمام مقدمات متعلقہ تھانوں کے بجائے سی ٹی ڈی تھانے میں درج کئے جائیں گے اور جو بھی مقدمات درج ہوں گے ان کی تفتیش بھی سی ٹی ڈی حکام ہی کریں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پرفائرنگ سے 4 اہلکارشہید

واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے تھے جب کہ دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں  10 روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔