نیب نے ٹارچرسیل بنایا ہوا ہے، ڈاکٹرعاصم کا الزام

ویب ڈیسک  جمعرات 15 فروری 2018
جتنے گواہ آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ بیان نہیں ہے، ڈاکٹر عاصم: فوٹو: فائل

جتنے گواہ آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ بیان نہیں ہے، ڈاکٹر عاصم: فوٹو: فائل

 کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹرعاصم نے الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ نیب نے ایک ٹارچر سیل بنایا ہوا ہے۔

کراچی میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے  بات کرتے ہوئے ڈاکٹرعاصم حسین نے  نیب پر الزام لگایا کہ نیب نے ایک ٹارچرسیل بنایا ہوا ہے جہاں گواہوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں، جتنے گواہ آئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ بیان نہیں ہے اور ہم سفید پوش لوگ ہیں نیب کے نام سے ہی ہماری ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ مجھے بند کیا گیا اورجیل بھی گیا لیکن نیب کو کچھ نہیں ملا ،اب یہ پیسہ کہاں گیا نیب ہی بتا سکتی ہے۔

ڈاکٹرعاصم کا کہنا تھا کہ ہم جنگلوں میں رہنے والوں کا رائیونڈ والوں سے کیا مقابلہ ہے، آپ کے اورمیرے مسائل ایک جیسے ہیں،  وہ مسائل اٹھانے چاہیئں جو ایک عام آدمی کے ہوں، سب کو دعوت دی ہے کہ کراچی کے لئے سب کو مل کرکام کرنا چاہیئے، میں توپوری ایم کیو ایم کو دعوت دے چکا ہوں اوریہ بہترین موقع ہے کہ یہ لوگ پیپلزپارٹی میں آجائیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس سے قبل احتساب عدالت میں کرپشن کیس کی سماعت کے لیے ڈاکٹرعاصم پیش ہوئے، سماعت کے دوران گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے جس کے بعد عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن اوردہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔