فاٹا کے ٹی ڈی پیز قومی شناختی کارڈ کے ذریعے معاوضہ حاصل کرسکیں گے

ویب ڈیسک  جمعرات 15 فروری 2018
آرمی چیف کی ہدایت کے بعد اب بے گھر افراد کو وطن کارڈ کی مزید ضرورت نہیں رہے گی، فوٹو: فائل

آرمی چیف کی ہدایت کے بعد اب بے گھر افراد کو وطن کارڈ کی مزید ضرورت نہیں رہے گی، فوٹو: فائل

 راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت کے بعد فاٹا کے بے گھر افراد معاوضے کے لیے  آئندہ قومی شناختی کارڈ بھی استعمال کرسکیں گے۔

پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاٹا میں قبائلی افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے اوراس کے تحت فاٹا کے بے گھر افراد کو مالی معاونت کے لیے اب وطن کارڈ کی مزید ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آئندہ صرف قومی شناختی کارڈ معاوضے کی ادائیگی کے لیے استعمال ہو گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بے گھر ہونے والے افراد کو وطن کارڈز کی اب ضرورت نہیں رہے گی کیونکہ نادرا شناختی کارڈز ہی بطور شناختی دستاویزات کے طور پر استعمال ہوں گے جب کہ جن کے پاس نادرا شناختی کارڈ نہیں وہ 31 مئی تک وطن کارڈ استعمال کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ وطن کارڈ معاوضے کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوتا تھا تاہم آرمی چیف کےہدایت کے بعد عارضی طور پر بےگھر افراد کو مالی معاونت کے لیے وطن کارڈ کی مزید ضرورت نہیں رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔