الیکشن 2013ضلع وسطی کے35 پولنگ اسٹیشن حساس قرار

منور خان  ہفتہ 30 مارچ 2013
الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس، ضابطہ اخلاق پر عمل، پولنگ اسٹیشنز پر واک تھرو گیٹ اور دیگر اقدامات پر غور   فوٹو: فائل

الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس، ضابطہ اخلاق پر عمل، پولنگ اسٹیشنز پر واک تھرو گیٹ اور دیگر اقدامات پر غور فوٹو: فائل

کراچی:  قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ میں الیکشن 2013 کے موقع پر ضلع وسطی کے35 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

ضلع وسطی کوآرڈی نیشن الیکشن کمیٹی کا ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر وسطی ڈاکٹر سیف الرحمن کی سربراہی میں ہوا جس میں ضلع وسطی کے الیکشن کمشنر ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ نیو کراچی ، گلبرگ ، نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی،ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مرتب کی جانے والی ایک رپورٹ میں ضلع وسطی میں الیکشن 2013 کے موقع پر 35 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیتے ہوئے اس کی رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی کے حلقے NA-243 ، PS-98 اور PS-99 میں پولنگ کے دوران خواجہ اجمیر نگری کے علاقے زرینہ کالونی نمبر 3 سیکٹر 1/A-1 ، سیکٹر 1/A-2 اور سیکٹر 11-A کے 7 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس ،حلقے NA-244 ، PS-100 اور PS-102 نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11-G اور سیکٹر 11-F میں 8 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، حلقے NA-245 ، PS-101 اور PS-103 میں نارتھ کراچی کے علاقے سیکٹر 11-A ، سیکٹر 11-B، سیکٹر 11/C-3 ،

1

نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک S ، بلاک R ، بلاک T ، بلاک Q ، نصرت بھٹو کالونی ، بلال آباد اور خلیل آباد کے 10 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، حلقے NA-246 ، PS-105 اور PS-106 میں گلبرگ موسیٰ کالونی اور عز یز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں قائم 5 پولنگ اسٹیشنز جبکہ حلقے NA-247 ، PS-104 اور PS-107 میں ناظم آباد نمبر 4 مجاہد کالونی ، لیاقت آباد الیاس گوٹھ ، گلبہار حاجی مرید گوٹھ ، خاموش کالونی اور ناظم آباد نمبر 2 میں 5 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا ہے۔

اجلاس میں الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلیے افسران سے مشاورت و تجاویز بھی لی گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر واک تھرو گیٹس ، میٹل ڈیڈیکٹر سے تلاشی، پولنگ اسٹیشنز کی حدود میں 100 گز دور تک کسی بھی قسم کی پارکنگ کی ممانعت، پولنگ اسٹاف کو تحفظ اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر نفری بڑھائی جائیگی،ضلع وسطی میں الیکشن کنٹرول روم اور ایمرجنسی سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔