اسلام آباد دھرنوں اور احتجاج پر خزانے سے 95 کروڑ روپے خرچ ہوئے، انکشاف

ویب ڈیسک  جمعـء 16 فروری 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 اسلام آباد: گزشتہ 5 برس کے دوران وفاقی دارالحکومت میں دھرنوں کے دوران سیکیورٹی انتظامات پر قومی خزانے سے 95 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

5 سال کے دوران اسلام آباد پولیس پر سیکورٹی انتظامات اور دھرنوں کے دوران خرچ کی گئی رقم کی تفصیل سینٹ میں پیش کردی گئی ہے، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ گزشتہ 5 برس کے دوران پولیس پر ایک ارب 14 کروڑ 58 لاکھ 73 ہزار 66 روپے خرچ ہوئے۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ جنوری 2013 میں تحریک منہاج القرآن کے دھرنے میں 3 کروڑ 32 لاکھ 81 ہزار 19 روپے خرچ ہوئے، اگست 2014 سے دسمبر تک دیئے گئے دھرنوں میں 75 کروڑ 59 لاکھ 79 ہزار ایک روپے خرچ کئے گئے، 2015 کے دوران اسلام آباد کے امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے کوئی اضافی رقم خرچ نہیں ہوئی، نومبر 2016 میں تحریک انصاف کے لاک ڈاوٴن میں 2 کروڑ 10 لاکھ 2 ہزار 901 روپے خرچ ہوئے، 24 سے 27 اکتوبر تک فیض آباد دھرنے پر 13 کروڑ 38 لاکھ 87 ہزار 160 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

دیار غیر سے ڈیپورٹ کئے گئے پاکستانیوں سے متعلق وزیر داخلہ نے بتایا کہ 3 سال کے دوران غیر قانونی داخلہ پر 90 ہزار 838 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا، 2015 میں 29 ہزار 410 ، 2016 کے دوران 32 ہزار 996 جب کہ 2017 میں 28 ہزار 432 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا۔ بے دخل کئے گئے افراد اور ایجنٹس کے خلاف کارروائی بھی کی گئی، 3944 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ 6 ہزار 954 افراد کو گرفتار کیا گیا، 5293 مجرمان میں سے 78 افراد کو رہا کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔