اے سی سی ٹی 20کپ، ہانگ کانگ نے مالدیپ کو 153 رنز سے روند دیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 30 مارچ 2013
وقاص برکت109کی اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،کویت نے اومان کو 26 رنز سے زیر کر لیا۔ فوٹو: وکی پیڈیا

وقاص برکت109کی اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے،کویت نے اومان کو 26 رنز سے زیر کر لیا۔ فوٹو: وکی پیڈیا

کھٹمنڈو: ایشین کرکٹ کونسل ٹوئنٹی20 کپ میں ہانگ کانگ نے مالدیپ کو153 رنز سے روند دیا۔

وقاص برکت71 گیندوں پر109 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کویت نے اومان کو 26 رنز سے زیر کیا۔تفصیلات کے مطابق کرتیپور گرائونڈ پر گروپ اے میچ میں مالدیپ نے ٹاس جیت کر ہانگ کانگ کو بیٹنگ کی دعوت دے کر خود اپنے پائوں پر کلہاڑی دے ماری،اوپنر عرفان احمد اور وقاص برکت نے عمدہ آغاز فراہم کرکے حریف کپتان کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا،ٹیم نے مقررہ اوورز میں4 وکٹ پر 198 رنزبنائے۔

وقاص نے71 گیندوں پر ایک چھکے اور7 چوکوں کی مدد109 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، کروگر20 اور کپتان اٹیکنسن 18 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹسمین رہے، مہوسن حامد نے2 اور احمد فیاض نے ایک وکٹ حاصل کی،199 رنزکے تعاقب میں مالدیپ کا آغاز غیر معیاری رہا،اوپنرزصرف9 رنز پر پویلین لوٹ گئے،جس کے بعد دیگر بیٹسمین بھی تقلید میں ایک ایک کرکے آئوٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم 10 اوورز میںصرف45 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مہوسن حامد17 رنزکے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے واحد بیٹسمین رہے۔

 

9

تنویر افصل اور عرفان احمد نے3،3 وکٹیں لیں، ندیم احمد نے ایک رن کے عوض ایک جبکہ شاہ نے واحد اوور میڈن میں2 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ وقاص برکت مین آف دی میچ ایوارڈ لے اڑے، فتح کے ساتھ ہانگ کانگ گروپ اے میں اپنے تینوں میچز جیت کر6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، نیپال دو پوائنٹس دوسرے اور ملائیشیا اتنے ہی پوائنٹس ہونے کے باوجود رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے تیسرے نمبر پر ہے،مالدیپ دو پوائنٹس چوتھے اورسنگاپور دونوں میچ ہار کر بغیر کسی پوائنٹ کے آخری پوزیشن پر ہے۔

لالتپور گرائونڈ پرگروپ بی میچ میں کویت نے اومان کو26 رنز سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے7 وکٹ پر187 رنز بنائے، اوپنر یاسر ادریس نے 5 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے39 بالز پر71 رنز اسکورکیے، محمد غلام32 اور کپتان ہاشم مرزا29 رنز بنانے میں کامیاب رہے، امیر علی نے 3، رنپورا نے2 جبکہ ذیشان مقصود اور ذیشان صدیقی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی،اومان کی ٹیم 18.5 اوورز میں161رنز پر ہمت ہار گئی،ذیشان صدیقی36، رنپورا28 اور کپتان ویٹگونکر23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رضوان علی اور ہارون شاہد 3،3 پلیئرز کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔