فاروق ستار کا اپنے سینیٹ امیدواروں کے ناموں سے دستبرداری کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 16 فروری 2018
رابطہ کمیٹی اپنے مجوزہ امیدواروں کے نام دے میں باقاعدہ اعلان کردوں گا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان . فوٹو : فائل

رابطہ کمیٹی اپنے مجوزہ امیدواروں کے نام دے میں باقاعدہ اعلان کردوں گا، سربراہ ایم کیوایم پاکستان . فوٹو : فائل

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو پیشکش کی ہے کہ وہ اپنے 4 مجوزہ امیدواروں کے نام دے دیں انہیں پارٹی کی جانب سے سینیٹ ٹکٹ دیئے جائیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستار کا کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ میری ضد کے باعث سارا معاملہ خراب ہوا اور میں اپنی مرضی کے امیدواروں کو ٹکٹ دینا چاہتا ہوں لیکن میں سب کے سامنے اعلان کرتا ہوں کہ جس رابطہ کمیٹی کو میں نے تحلیل کیا تھا وہ مجھے اپنی مرضی کے 4  نام دے  میں ان کا باضابطہ اعلان کردوں گا اور اپنے نامزد کردہ امیدواروں کے ناموں سے دستبردار ہوجاؤں گا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بحیثیت سربراہ عزت اور کچھ  فیصلوں پر آخری رائے میری ہونی چاہیے لیکن ہم نے تنظیم ، قوم اور کارکنان کو تقسیم ہونے سے بچانا ہے اسی وجہ سے میں نے یہ بھی نہیں پوچھا کہ مجھے کیوں نکالا اور 3 مرتبہ بہادر آباد جانے کی کوشش کی لیکن کوئی نا کوئی رکاوٹ آڑے آگئی، مجھے میرے کارکنان نے اعتماد دیا اور جن امیدواروں کے نام دیئے تھے وہ بھی میرے ساتھ ہیں جب کہ تحلیل شدہ رابطہ کمیٹی کے کئی اراکین بھی مجھ سے رابطے میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔