کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلیے بے تاب

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 17 فروری 2018
فائٹنگ اسپرٹ کیلیے مشہور ٹیم کو سرفراز اور پیٹرسن جیسے میچ ونرز کی خدمات حاصل،واٹسن بھی اسکواڈ میں شامل۔ فوٹو : فائل

فائٹنگ اسپرٹ کیلیے مشہور ٹیم کو سرفراز اور پیٹرسن جیسے میچ ونرز کی خدمات حاصل،واٹسن بھی اسکواڈ میں شامل۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  پی ایس ایل تھری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلیے بے تاب ہیں.

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر، مینٹور ویوین رچرڈز، ہیڈ کو چ معین خان، منیجر اعظم خان اور میڈیا منیجر نبیل ہاشمی ہیں، اس بار عبدالرزاق کی بطور معاون کوچ خدمات بھی فرنچائز کو حاصل ہو چکیں، ٹیم پی ایس ایل کے گذشتہ دونوں ایڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود فیصلہ کن معرکے میں ناکام ہوئی۔

پہلے ایونٹ میں سرفراز الیون اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کیخلاف آسان فتوحات کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا، پشاور زلمی کو سخت مقابلے میں مات دینے کے بعد لاہور قلندرز سے غیرمتوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز پر جیت کے ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنائی، پہلے کوالیفائرز میں پشاور کو ایک رن سے شکست دی۔

پیٹرسن کی ففٹی سے تقویت پاکر133 رنز بنانے والی ٹیم نے پشاور کو 132 تک محدود رکھا،  فائنل میں فتح کے مضبوط امیدوار ہونے کے باوجود گلیڈی ایٹرز 175 کے ہدف کا دفاع نہ کر سکے،احمد شہزاد اور سنگا کارا کی ففٹیز کسی کام نہ آئیں،اسلام آباد نے ٹائٹل پر قبضہ جمایا۔

دوسرے سیزن میں کمار سنگا کارا نے کراچی کنگزاور گرانٹ ایلوئٹ نے لاہور قلندرز کو جوائن کر لیا، کوئٹہ نے 10 پلیئرز برقرار رکھے جبکہ ٹائل ملز، محمود اللہ، ریلی روسو، ناتھن میک کولم، تھشارا پریرا کو بھی شامل کیا گیا۔

پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 137 رنز کا ہدف بھی حاصل نہیں کرنے دیا، اگلے معرکے میں کراچی کنگزپر جیت کیلیے درکار 160 رنز بنانے میں رلی روسو اور سرفراز احمد کے مابین 130 رنز کی شراکت نے اہم کردار ادا کیا، اسلام آبادکیخلاف 148 رنز بنانے والی سرفراز الیون کو 5 وکٹ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، بارش کی وجہ سے پشاور زلمی کے ساتھ میچ نہ ہوسکا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔

لاہور قلندرز کی طرف سے دیا جانیوالا201 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں کیون پیٹرسن کے 42 گیندوں پر 88 رنز نے اہم کردار ادا کیا، گلیڈی ایٹرز نے آخری 3.5 اوورز میں 78 رنز بٹورے، اگلے میچ میں کراچی کنگز نے 154 رنز بنائے، احمد شہزاد کی ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے کوئٹہ نے ہدف 4 وکٹ پر حاصل کرلیا،  پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے بعد سرفراز الیون کیون پیٹرسن اور احمد شہزاد کی جارحانہ ففٹیز کے باوجود ناکام رہی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے166 کا ہدف دیا،آخری اوور میں7 رنز درکار تھے مگر نہ بن سکے۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 128 تک محدود رکھنے کے بعد 52 پر 6 وکٹیں گنوا دیں لیکن آفریدی نے میچ کا نقشہ پلٹ دیا۔

دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہوا، گلیڈی ایٹرز کیون پیٹرسن سمیت اہم کھلاڑیوں سے محرومی کے بعد کارکردگی کا معیار برقرار نہ رکھ سکے، پشاور زلمی کی جانب سے 148 کا مجموعہ ترتیب دیا گیا، سرفراز الیون 90 تک محدود رہی۔تیسرے ایڈیشن میں احمد شہزاد ملتان سلطانز کو جوائن کرچکے۔

کیون پیٹرسن اور ریلی روسو ایک بار پھر گلیڈی ایٹرز کی توقعات کا مرکز ہونگے، سرفراز احمد، سعود شکیل، رمیز راجہ جونیئر بھی بیٹنگ کے اہم ستون ثابت ہوسکتے ہیں۔ شین واٹسن، عمر امین، محمد نواز، جوفرا آرچر، انور علی جیسے آل راؤنڈرز کی خدمات بھی فرنچائز کو حاصل ہیں۔

بولنگ میں بین لافلین، راحت علی اور جان ہیسٹنگز کیساتھ میر حمزہ بھی حریفوں کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ اسپن کے شعبے میں محمد نواز کے ساتھ، فراز احمد اور حسان خان اپنی گھومتی گیندوں سے بیٹسمینوں کو حیران کر سکتے ہیں، گلیڈی ایٹرز اس بار ٹائٹل کی پیاس بجھانے کیلیے بے تاب ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔