کم عمری میں 5 وکٹیں، مجیب زدران نے وقار یونس کو ریکارڈ سے محروم کردیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 17 فروری 2018
مجیب زدران سے قبل سابق پاکستانی کپتان وقاریونس نے پہلی بار میچ میں پانچ یا زائد شکار 18 برس کی عمر میں کیے تھے۔ فوٹو : فائل

مجیب زدران سے قبل سابق پاکستانی کپتان وقاریونس نے پہلی بار میچ میں پانچ یا زائد شکار 18 برس کی عمر میں کیے تھے۔ فوٹو : فائل

شارجہ:  مجیب زدران نے کم عمری میں 5 ون ڈے وکٹیں لینے کا وقاریونس کا ریکارڈ توڑ دیا۔

افغان ٹیم نے زمبابوے کیخلاف چوتھا ون ڈے میں 5 شکار کیے، ان کی ٹیم نے یکطرفہ مقابلہ 10 وکٹ سے جیت کر پانچ میچز کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔

مجیب زدران کی اس وقت عمر 16 برس 325 دن ہے، ان سے قبل سابق پاکستانی کپتان وقاریونس نے پہلی بار میچ میں پانچ یا زائد شکار 18 برس 164 دن کی عمر میں کیے تھے۔

گزشتہ روز ٹاس جیتنے والی زمبابوے کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 38 اوورز میں 134رنز پر حوصلہ ہارگئی۔ کریگ ایروائن (54) اور برینڈن ٹیلر(30)کے سوا دیگر تمام پلیئرز اعتماد سے بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے، مجیب زدران نے 50رنز دے کر5 شکار کیے تاہم افغان ٹیم نے آسان ہدف 21.1 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کرلیا، اوپنرز محمد شہزاد 75 اور اسرار اللہ51 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔