11مئی کا الیکشن سیاسی گھوڑوں کے مابین ہوگا، طاہر القادری

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 30 مارچ 2013
 پولنگ ڈے کوپورے ملک میں دھرنے دے کرسیاسی عمل کیخلاف جمہوری اندازمیں احتجاج کیاجائیگا   فوٹو: فائل

پولنگ ڈے کوپورے ملک میں دھرنے دے کرسیاسی عمل کیخلاف جمہوری اندازمیں احتجاج کیاجائیگا فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 11مئی کا الیکشن مختلف سیاسی جماعتوں کے گھوڑوں کے مابین ہو گا اور اس ریس میں عوام کا کردار تماشائیوں سے زیادہ نہیں ہے ۔

آج کل سیاسی پارٹیاں گھوڑوں کے چنائو میں مشغول ہیں اس مرحلے کے بعد 11مئی کو الیکشن کی رسم ادا کی جائیگی جس کے بعدعوام کے حقوق سے کھیلنے کا عمل پھر شروع ہو جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سیکریٹری جنرل خرم نوازگنڈا پور سے لندن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک الیکشن پراسس کے غیرشفاف ہونے کے باعث اس پورے نظام انتخاب کومستردکرچکی ہے اور پولنگ ڈے کو پورے ملک میں پر امن دھرنے دے کر سیاسی عمل کے خلاف جمہوری انداز میں احتجاج کیا جائیگا ۔

60سے 65 فی صد ووٹر جو انتخابی عمل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے پولنگ ڈے کو گھروں سے نہیں نکلتے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے عوام کی اس خاموش اکثریت کو موقع فراہم کرینگے کہ وہ انتخابی نظام کے خلاف ان میں شرکت کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار کی تبدیلی کا بہترین ذریعہ انتخابات ہیں اور حقیقی جمہوریت کا تسلسل ہی قوم کی پہلی ترجیح ہو نا چاہیے مگر اس وقت ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، یہ الیکشن کی رسم ضرور ہے جمہوریت نہیں ۔کمزور سے ناکام ریاست کے سفرکوموجودہ الیکشن مہمیز لگائے گا اورآنے والی نسلوںکا مستقبل غیر محفوظ ہو سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔