ن لیگ کا ٹکٹ قربانیاں دینے والوں کو ملے گا ، نوازشریف

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 30 مارچ 2013
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

لاہور: نوازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے مشاورتی اجلاس میں عام انتخابات، امیدواروں کیلیے ٹکٹوں کے اجرا، انتخابی مہم چلانے سمیت مختلف ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

جبکہ جماعت اسلامی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے بات چیت کرنے والی ٹیم نے قیادت کو مذاکرات کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میںسابق وزیراعلیٰ شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، پرویزرشید، حمزہ شہبازشریف سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صاف ستھرے کردار کے حامل،جمہوریت کیلیے قربانیاں دینے، حلقے کی عوام کی خدمت کرنے اور پارٹی سے وفاداری نبھانے والوں کو ٹکٹ جاری کیا جائیگا ۔

 

مسلم لیگ (ن) کی طرف سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ۔ نواز شریف نے اجلاس سے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) صاف ستھرے کردار کے حامل امیدواروں کو میدان میں اتارے گی اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں عوام کا جو بھی فیصلہ آئیگا، اسے سب کو قبول کرنا چاہیے۔

علاوہ ازیں نواز شریف سے مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق نے بھی جاتی عمرہ رائیونڈ میں ملاقات کی جس میں آئندہ عام انتخابات، مسلم لیگوںکے اتحاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں دونوں جماعتوں کے انتخابات میں ملکر چلنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعجاز الحق نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بہاولنگر سے قومی اسمبلی کے3اور6صوبائی حلقوں سے امیدوار میدان میں اتاریںگے۔ (ن) لیگ سمیت دیگر ہم خیال جماعتوں سے انتخابات میں مل کر چلنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، خواہش ہے کہ انتخابات کے بعد نہیں بلکہ اس سے قبل تمام لیگیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔