بھارت؛ پنجاب نیشنل بینک غبن کیس میں ’چھوٹا مودی‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف

ویب ڈیسک  اتوار 18 فروری 2018
 پنجاب نیشنل بینک میں 1.8 بلین ڈالرز کے غبن میں نیرو مودی کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ فائل فوٹو

پنجاب نیشنل بینک میں 1.8 بلین ڈالرز کے غبن میں نیرو مودی کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ فائل فوٹو

 ممبئی: بھارتی پنجاب کے نیشنل بینک میں 1.8 ارب ڈالر کی کرپشن کیس میں بھارتی وزیراعظم کے تاجر دوست نیرو مودی کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیرے کے تاجر نیرو مودی نے نیم سرکاری ادارے پنجاب نیشنل بینک میں 1.8 بلین ڈالرز غبن کیس میں نام سامنے آنے پر بینک انتظامیہ کو رقوم کی واپسی کے لیے 6 ماہ کا وقت لینے کے لیے خط لکھ دیا ہے، خط میں تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ استدعا کی گئی ہے کہ اس معاملے پر مکمل تحقیقات کے لیے کچھ وقت درکار ہے اس لیے تفتیشی عمل مکمل ہونے تک رقوم کی ادائیگی کے لیے وقت دیا جائے۔

قبل ازیں پولیس نے پنجاب نیشنل بینک میں غبن کیس کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے جمعرات کو رات گئے نیرو مودی کے کرلا ویسٹ ممبئی، کالا گھوڑا ممبئی، باندر ایسٹ ممبئی، لوئر پریل ممبئی اور سورت و دہلی کےعلاوہ نیرو مودی کے نو ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے جن میں ڈائمنڈ سینٹر اور ورک شاپس بھی شامل ہیں تاہم چھاپوں کے دوران کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاعات تاحال سامنے نہیں آئی۔

خیال رہے کہ بدھ کے روز پنجاب نیشنل بینک ممبئی کی ایک برانچ میں دھوکا دہی اور غیر مجازی طریقے سے 1.8 ارب ڈالرز کی ٹرانزیکشن ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا، غبن شدہ رقم بینک کی سالانہ آمدن سے 8 گنا زیادہ تھی، سرکاری بینک کی تاریخ کے سب سے بڑے غبن نے ملک بھر میں کھلبلی مچا دی جس کے بعد بینک کے 10 ملازمین کو معطل کردیا گیا جب کہ ابتدائی تفتیش سے کرپشن کے تانے بانے ہیروں کے معروف تاجر نیرو مودی تک جا پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق اب تک کی تفتیش سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ نیرو مودی کی کمپنی نے  ڈائمنڈ امپورٹ کرنے کے لیے لیٹر آف کریڈٹ حاصل کرنے کے لیے پنجاب نیشنل بینک سے رابطہ کیا تھا جب کہ یہ بینک نیرو مودی کے لیے ہیروں کے سپلائرز کو بھی ادائیگی کرتا تھا اور بعد ازاں یہ رقوم نیرو مودی سے وصول کیے جاتے تھے۔ تفتیش سے یہ بھی ثابت ہوا کہ پی این بی کے اعلیٰ حکام نے نیرو مودی کی کمپنی کو جعلی لیٹر آف انڈر ٹیکنگ جاری کیے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے نیرو مودی کی وزیراعظم نریندر مودی سے دوستی کا انکشاف کرتے ہوئے نیرو مودی کو چھوٹا مودی قرار دیا جس پر لوک سبھا میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اراکین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت پر غبن کے معاملے کو سیاسی رنگ دینے کا الزام لگایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔