نائیجیریا میں یکے بعد دیگرے 3 خودکش حملوں میں 22 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 فروری 2018
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے سیکڑوں جنگجوؤں کو ٹرائل کے لیے سویلین کورٹ میں پیش کیا گیا۔ فوٹو: فائل

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے سیکڑوں جنگجوؤں کو ٹرائل کے لیے سویلین کورٹ میں پیش کیا گیا۔ فوٹو: فائل

میدوگوری: نائیجیریا کے ایک پرہجوم بازار میں یکے بعد دیگرے 3 خودکش حملوں میں 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق خودکش حملہ آوروں نے نائیجیریا کی ریاست بورنو کے شہر میدوگوری کے مقامی بازار میں مجمع کے اندر خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ یکے بعد دیگرے تین خودکش حملوں سے علاقہ لرز اٹھا اور لوگ چیخ و پکار کرنے لگے، دھماکوں کے بعد مارکیٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے محفوظ ٹھکانوں کی تلاش میں لگ گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نائجیریا میں خواتین کے خودکش حملوں میں 13 افراد ہلاک

بورنو ریاست کے پولیس چیف نے میڈیا کو بتایا کہ یہ حملے بھیڑ والی مچھلی مارکیٹ میں ہوئے جو کہ میدوگوری کے نواح میں واقع ہے جس میں 22 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے، طبی عملے کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد ہے۔

یہ خود کش حملے ایسے  وقت میں ہوئے ہیں کہ جب شدت پسند تنظیم بوکوحرام کے سیکڑوں جنگجوؤں  کو ٹرائل  کے لیے سویلین کورٹ میں پیش  کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔