گوگل کے تصویری سرچ آپشن میں اہم تبدیلیاں

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 فروری 2018
یہ تبدیلیاں گوگل اور گیٹی امیجز کے درمیان معاہدے کے بعد کی گئیں،فوٹو: انٹرنیٹ

یہ تبدیلیاں گوگل اور گیٹی امیجز کے درمیان معاہدے کے بعد کی گئیں،فوٹو: انٹرنیٹ

کیلیفورنیا: انٹرنیٹ کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے تصاویر کی سرچنگ آپشنز میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ’ویو امیج‘ کا بٹن ختم کردیا جب کہ ’سرچ بائے امیج‘ کی سہولت سے بھی صارفین کو محروم کردیا۔

پہلے صارف مطلوبہ تصویر تلاش کرلیتا تھا تو امیج کھلنے کے بعد سائیڈ میں کچھ آپشنز دیے جاتے جس میں ’ویو امیج‘ کا ایک بٹن تھا جس پر کلک کرنے کی صورت میں تصویر بڑی ہو کر پوری اسکرین پر نظر آتی تھی تاہم اب یہ بٹن ختم کردیا گیا ہے۔

ویو امیج کا بٹن ختم ہونے کے بعد تصاویر میں آپشنز کم کرتے ہوئے اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔ تصویر کھلنے کے بعد ویو امیج کی جگہ ’وزٹ‘ اور ’شیئر‘ کے آپشنز دیے گئے ہیں تاکہ تصویر کو بڑے سائز میں دیکھنے اور ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے متعلقہ ویب سائٹ پر وزٹ کیا جائے جب کہ تصویر میں کاپی رائٹ کو بھی واضح کردیا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: گوگل کروم میں اشتہارات کی بہتات ختم، سرفنگ آسان

گوگل نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ’ویوامیج‘ کا بٹن ختم کردیا گیا ہے تاکہ صارفین سہولت کے ساتھ مطلوبہ تصویر کو متعلقہ ویب سائٹ کے توسط سے حاصل کرلیں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ’سرچ بائے امیج‘ کا بٹن بھی ختم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گیٹی امیجز نے گوگل کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کیا تھا جس کے بعد دونوں کمپنیوں نے ’ویو امیج‘ بٹن ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔