حسن ابدال میں 13 سالہ بچی کی 53 سالہ بوڑھے سے شادی

نمائندہ ایکسپریس  اتوار 18 فروری 2018
دولہا، لڑکی کا والد گرفتار، نکاح خواں فرار، چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج۔ فوٹو: فائل

دولہا، لڑکی کا والد گرفتار، نکاح خواں فرار، چائلڈ میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج۔ فوٹو: فائل

حسن ابدال: پنڈ مہری میں 13 سالہ بچی کی شادی 53 سالہ بوڑھے سے کردی گئی۔

غربت کے نام پر 13 سالہ بچی کی شادی 53 سالہ بوڑھے سے کردی گئی تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرکے دولہا اور لڑکی کے والد کو گرفتار کر لیا جبکہ نکاح خواں گرفتاری کے خوف سے فرار ہو گیا۔

یہ واقعہ تھانہ صدر حسن ابدال کی حدود میں واقع گاؤں پنڈ مہری میں پیش آیا جہاں چائلڈ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کی اطلاع ملتے ہی قانون حرکت میں آ گیا۔

پولیس کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ مردان کا رہائشی محمد عارف جو پنڈ مہری میں مقیم ہے، اپنی13سالہ بیٹی کی شادی بوڑھے شخص سے کر رہاہے جس کا باقاعدہ نکاح 11 فروری کو مقامی نکاح خواں مولوی محمد اسماعیل نے پڑھایا مگر نکاح رجسٹرار نے کم عمری کے باعث اسے رجسٹر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رخصتی کے روز دولہا اختر نواز ولد حمید اور لڑکی کے والدعارف خان کو گرفتار کر لیا جبکہ کم عمر دلہن کائنات کو حفاظتی تحویل میں لے کر دارلامان اٹک بھجوا دیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔