سڑکوں سے سگریٹ کے 10 لاکھ ٹوٹے اٹھانے والی خاتون

ویب ڈیسک  پير 19 فروری 2018
امریکی شہر اوبرن کی ایک خاتون سیلی ڈولی نے چار سال میں سگریٹ کے دس لاکھ ٹوٹے صاف کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوٹو: ڈیلی مرر

امریکی شہر اوبرن کی ایک خاتون سیلی ڈولی نے چار سال میں سگریٹ کے دس لاکھ ٹوٹے صاف کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوٹو: ڈیلی مرر

کیلفورنیا: صفائی پسند امریکی خاتون گزشتہ چار برس سے سڑکوں سے صرف سگریٹ کے بجھے ہوئے ٹکڑے جمع کررہی ہیں اور اب تک وہ سگریٹ کے 10 لاکھ ٹوٹے جمع کرچکی ہیں۔

کیلیفورنیا کی سیلی ڈولی نے اکتوبر 2014ء میں صفائی کا بیڑہ اٹھایا اور وہ سڑکوں اور راستوں سے صرف سگریٹ کے ٹوٹے صاف کرتی ہیں۔ اسی بنا پر انہیں ’دی بٹ لیڈی آف اوبرن‘ کہا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتے سیلی نے اپنی زندگی کا 10 لاکھواں ٹوٹا اٹھانے پر اپنے اہلِ خانہ اور مداحوں کے ساتھ جشن منایا۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ سڑک پر سگریٹ کے ٹکڑے دیکھتی تھیں تو انہیں بہت برا لگتا تھا اور اسی بنا پر انہوں نے اوبرن کے علاقے سے سگریٹ کے ٹوٹے اپنی مدد آپ اٹھانے کا ارادہ کیا اور کسی وقفے کے بغیر مسلسل چار سال تک یہ کام کرتی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہر روز وہ جتنے ٹوٹے اٹھاتیں ان کا ریکارڈ درج کرتی رہتیں اور لوگوں کی مخالفت کے باوجود انہوں نے اپنا کام جاری رکھا۔ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے کام کو دیکھتے ہوئے مزید لوگ اس جانب آئیں اور معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایک دن میں وہ عموماً سگریٹ کے 3 ہزار کے لگ بھگ ٹوٹے اٹھاتی ہیں اور کبھی کبھی تعداد اس سے زیادہ بھی ہوجاتی ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ لوگ سگریٹ چھوڑدیں کیونکہ اس سے ان کی صحت بہتر ہوگی اور ماحول کا بھی فائدہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔