نوازشریف حکمراں تھے عدالتی نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا، سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس  پير 19 فروری 2018
نواز اور زرداری جیسی قیادت ہو گی تو ٹرمپ کی دھمکیاں تو آئیں گی، نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب۔ فوٹو : فائل

نواز اور زرداری جیسی قیادت ہو گی تو ٹرمپ کی دھمکیاں تو آئیں گی، نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب۔ فوٹو : فائل

نوشہرہ: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نواز شریف 4 مرتبہ حکومت میں رہے عدالتی نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا؟ 

سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان میں موجودہ سیاسی نظام فیل ہوگیا، سابق وزیراعظم کہتے ہیں عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا، 4 مرتبہ حکومت میں رہے،عدالتی نظام کیوں ٹھیک نہیں کیا؟ اتوار کو واپڈا کالونی تارو جبہ نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ اسپتالوں کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو ذمے دار کون ہے، ملک میں غربت، بے روزگاری، بیماریاں و دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں پھر حکومت کرنے دو، یہ مزید حکمرانی کرکے عوام کا باقی ماندہ خون بھی چوسنا چاہتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ہورہی ہے، خریداری کیلیے منصوبہ بندی ہورہی ہے جن لوگوں کے اسمبلی میں 4 رکن ہیں انھوں نے بھی 2امیدوار کھڑے کردیے ہیں جس کا سیاست سے سروکار نہیں وہ بھی سینیٹر بننے کا خواہش مند ہے، جب ایوان میں ایسے لوگ آئیں گے تو وہ دوسروں کا گلہ کاٹیں گے۔

سراج الحق نے کہاہے کہ نواز اور زرداری کا کوئی پروگرام نہیں صرف دولت بنانا اور عوام کا خون چوسنا، باہر بنگلے لینا، قوم کی دولت باہرلے جانا ہے، جب اس طرح کی قیادت ہوگی تو ٹرمپ تو دھمکیاں ہی دے گا، ایم ایم اے بن رہی ہے ملک کا نظام ہم ہی ٹھیک کریں گے، ہم ہی احتساب کریں گے، ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

دوسری جانب صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے کہاکہ راؤ انور یونیفارم میں ایک بڑا دہشت گرد ہے راؤ انوار قبائلی عوام کا مجرم اور 450 افراد کا قاتل ہے ایسے قاتل کو انجام تک پہنچانا چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔