ستاروں سے سجی فرنچائز ملتان سلطانز رنگ جمانے کو تیار

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 فروری 2018
پی ایس ایل 3 میں انٹری کو ’ دبنگ ‘ بنانے کیلیے شعیب ملک، احمد شہزاد اور صہیب مقصود بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل 3 میں انٹری کو ’ دبنگ ‘ بنانے کیلیے شعیب ملک، احمد شہزاد اور صہیب مقصود بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں نئی فرنچائز ملتان سلطانز رنگ جمانے کو تیار ہے۔

پی ایس ایل کی نئی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت شون گروپ کے پاس ہے، منیجر ندیم خان، ڈائریکٹر اور بولنگ کوچ وسیم اکرم، ہیڈ کوچ ٹام موڈی، معاون کوچ جوآن بوتھا، بیٹنگ کوچ محمد وسیم، فزیو اینڈریو لیپس، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک کا ساتھ میسر ہے، کرکٹ آپریشنز جی ایم کی ذمے داری حیدراظہرکوسونپی گئی ہے۔

رواں سیزن کیلیے شعیب ملک کو ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے، دلکش انداز سے بیٹنگ کرنے والے احمد شہزاد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھوڑ کر نئی فرنچائز کا حصہ بنے ہیں، ملتان کے اسٹار صہیب مقصود بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، ویسٹ انڈین اسٹارز ڈیرن براوو اورکیرون پولارڈ کے ہمراہ سری لنکا کے تھیسارا پریرا اور انگلش کرکٹر روز وائٹلی بھی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کیلیے بے تاب ہوں گے۔

تجربہ کار سری لنکن وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا، نکولس پوران، جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے پاکستانی اسپنر عمران طاہر بھی ملتان کی شرٹ زیب تن کریں گے، دیگر دو غیرملکی پلیئرز میں ہرڈس ویلجون اور افغانستان کے ظاہرخان کوبھی منتخب کیاگیا ہے۔

ملتان سلطانز کے قیام کا اعلان گزشتہ برس کیاگیا، ہوم گراؤنڈ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش 35 ہزار ہے، دوسرے ایڈیشن کے مکمل ہوتے ہی چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے اعلان کردیا تھا کہ 2018 میں شیڈول تیسرے ایڈیشن میں پانچ کی بجائے 6 ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جس کے بعد یکم جون 2017 کو پانچ ریجنز میں سے ملتان کے نام سے فرنچائز بنانے کے حقوق شون گروپ نے حاصل کرلیے۔

فرنچائز کیلیے سالانہ بڈ5.2 ملین امریکی ڈالر طے ہوئی ہے، جس کے بعد ملتان سلطانز نے پی ایس ایل کی مہنگی ترین ٹیم کا اعزاز کراچی کنگز سے چھین لیا  اور اب ملتان سطانز کو ایونٹ کی مہنگی ترین سائیڈ بن جانے کا اعزاز حاصل ہے۔

فرنچائز کا قیام عمل میں آنے کے بعد یکم اگست 2017 کو وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ملتان سلطانز میں شمولیت اختیار کرلی، وسیم کو یہاں پر ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز کا عہدہ ملا، ابتدا میں یہ بھی قیاس کیا جارہا تھا کہ وسیم اکرم کے بعد وقاریونس بھی ملتان سلطانز کی انتظامیہ کا حصہ بن سکتے ہیں، تاہم انھوں نے ملتان کی بجائے اسلام آباد یونائیٹڈ میں وسیم اکرم کی خالی ہونے والی پوزیشن کو 14 ستمبر2017 کو سنبھال لیا۔

نئی فرنچائز کے لوگو اور کٹ کی رونمائی کی تقریب 22ستمبر کو منعقد کی گئی، جس میں ٹیم کے مالک اشعر شون نے کہا کہ ہمارے لیے ملتان سلطانز کی پذیرائی ہوتے دیکھنا خوش کن ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہم نے درست ٹیم کا چناؤ کیا ہے، ٹیم کا ترانہ گلوکار وقار احسن نے گایا ہے اور اس کے بول ’’ ہم ہیں ملتان کے سلطانز‘‘ ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔