ٹرائنگولر ٹوئنٹی 20 میں انگلینڈ جیت کر بھی خالی ہاتھ رہ گیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 فروری 2018
ٹرافی میچ بدھ کو آسٹریلیا سے ہوگا، کولن منرو کا لاٹھی چارج بیکار، گپٹل 62رنز بناکر نمایاں۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹرافی میچ بدھ کو آسٹریلیا سے ہوگا، کولن منرو کا لاٹھی چارج بیکار، گپٹل 62رنز بناکر نمایاں۔ فوٹو: اے ایف پی

ہیملٹن: ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں انگلینڈ جیت کر بھی خالی ہاتھ رہ گیا جب کہ آخری راؤنڈ میچ میں 2 رنز سے ہارنے والی نیوزی لینڈ ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔

انگلینڈ کو فائنل میں جگہ بنانے کیلیے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کو کم سے کم 20 رنز سے شکست دینے کی ضرورت تھی مگر اپنی ناقص بولنگ کی وجہ سے اس کی فتح کا مارجن صرف دو رنز رہا جس کی وجہ سے بہتر رن ریٹ کی بدولت کیوی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی جہاں پر اس کا ایک بار پھر روایتی حریف آسٹریلیا سے بدھ کو مقابلہ ہوگا۔

195 رنز ہدف کے تعاقب کیلیے جب اوپنرز مارٹن گپٹل اور کولن منرو میدان میں اترے تو اچھی طرح جانتے تھے کہ  فائنل میں جگہ بنانے کیلیے ان کی ٹیم کو فتح کی ضرورت اور اس کیلیے انھیں تیز کھیلنا ہوگا، اسی لیے آغاز سے ہی انھوں نے انگلش اٹیک کو اپنے نشانے پر رکھ لیا، جب پاور پلے ختم ہوا تو اسکور بورڈ پر 77 رنز کا ہندسہ جگمگا رہا تھا۔

انگلش ٹیم نے اس مقابلے کیلیے دو اسپنرز کو کھلایا، مارک ووڈ کو لیام ڈاسن کیلیے جگہ خالی کرنا پڑی مگر حیران کن طور پر پاور پلے میں فاسٹ بولرز کی پٹائی کے باوجود عادل رشید کو گیند نہیں تھمائی گئی،  آخر جب ساتویں اوور میں انھیں بولنگ کا موقع میسر آیا تو منرو ٹاپ ایج پر ڈیپ اسکوائر لیگ پر ڈیوڈ ویلی کا کیچ بن گئے، انھوں نے 21 بالز پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے، منرو نے ففٹی صرف 18 بالز پر مکمل کی، یہ تیسرا موقع ہے جب وہ 20 گیندوں سے قبل 50 رنز تک پہنچے ہیں۔

کین ولیمسن (8) کو ڈاسن نے بولڈ کیا، گپٹل 47 بالز پر 62 رنز بناکر ڈیوڈ مالان کی پہلی انٹرنیشنل وکٹ بنے، انھوں نے 4 چھکے اور تین چوکے لگائے، مارک چیپمین نے 37 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم 4 وکٹ پر 192 رنز بنا پائی۔

اس سے پہلے انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 194 رنز بنائے، مورگن نے 46 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 80 رنز بنائے، جس پر انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، مالان 53 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بولٹ نے 3 اور ساؤتھی نے 2 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔