موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائس کی تنصیب کے حوالے سے اجلاس

اسٹاف رپورٹر  منگل 20 فروری 2018
اجلاس کا مقصد نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے عمل جیسے اقدامات کو حتمی  شکل دینا تھا۔ فوٹو : فائل

اجلاس کا مقصد نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے عمل جیسے اقدامات کو حتمی شکل دینا تھا۔ فوٹو : فائل

کراچی: وزیر داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ ٹریکنگ ڈیوائسز کی صوبے بھر کی موٹر سائیکلوں میں تنصیب کے عمل میں محکمہ داخلہ، ایکسائز اور ٹرانسپورٹ سندھ باہمی مشاورت سے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ سندھ ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور سیکریٹری ایکسائز سندھ سمیت ، سی پی ایل سی چیف ، موٹر سائیکل مینو فیکچرر ایسوسی ایشن اور ٹریکنگ ڈیوائسز کمپنیز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد صوبے بھر کی نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب کے عمل جیسے اقدامات کو حتمی  شکل دینا تھا، اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موٹر سائیکل مینو فیکچرر ایسوسی ایشن اور ٹریکنگ ڈیوائس کمپنیز کے نمائندگان نے مفاد عامہ کے اس منصوبے میں اپنا بہترین اور مکمل تعاون شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ دیگر متعلقہ محکمہ جات بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلیے رضامند ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے اس امر پر زور دیا کہ ٹریکنگ ڈیوائسز کی صوبے بھر کی موٹر سائیکلوں میں تنصیب کے عمل میں محکمہ داخلہ ، ایکسائز اور ٹرانسپورٹ سندھ باہمی مشاورت سے اپنے وسائل بروئے کار لائیں، سیکریٹری ایکسائز کی جانب سے وزیر داخلہ سندھ کو یقین دہانی کرائی گئی کہ بلا کسی تاخیر کے موٹر سائیکلوں میں نمبر پلیٹوں کی تنصیب کو یقینی بنانے کے حوالے سے تشہیری اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔

اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے بھی باقاعدہ طور پر موٹر سائیکلوں میں معیاری نمبر پلیٹس کی تنصیب کے حوالے سے قانون میں ترمیم کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجنے کی یقین دہانی بھی کرائی ، وزیر داخلہ سندھ نے بطور خاص عوام کی جان و مال کو محفوظ کرنے اور جرائم کو ختم کرنے کے لیے تمام دفتری کارروائیوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی تاخیر یا سستی کو نا قابل برداشت قرار دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔