ڈاکوؤں نے درجنوں گاڑیاں لوٹ لیں ، مزاحمت پر نوجوان قتل

نامہ نگار  اتوار 31 مارچ 2013
ورثاکالاش سمیت قومی شاہراہ پردھرنا، ٹریفک معطل، 20سالہ غلام نبی7بہنوں کااکلوتا بھائی اورگھرکاواحد کفیل تھا،ماں پرغشی.  فوٹو: فائل

ورثاکالاش سمیت قومی شاہراہ پردھرنا، ٹریفک معطل، 20سالہ غلام نبی7بہنوں کااکلوتا بھائی اورگھرکاواحد کفیل تھا،ماں پرغشی. فوٹو: فائل

دھابے جی:  دھابے جی کے رہائشی نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد نے ساکرو روڈ پر گاڑیوں سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ورثا کا لاش سمیت قومی شاہراہ پر دھرنا، کراچی ٹھٹھہ روڈ 2 گھنٹے تک بلاک۔ تفصیلات کے مطابق دھابے جی کا رہائشی 20 سالہ غلام نبی ملاح ولد نبی بخش مرحوم ہفتہ کی صبح ٹرک پر فیڈ لے کر جارہا تھا کہ میرپور ساکرو کے قریب سورا دانی روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے دن دہاڑے آنے جانے والی گاڑیوں سے لوٹ مار شروع کردی۔

اس دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے غلام نبی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا،مقتول 7 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا واحد کفیل تھا۔ 7 بہنوں میں سے 3 ذہنی معذور بتائی جاتی ہیں، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور بہنوں سمیت ماں پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔

واقعے کے خلاف ورثا نے لاش دھابے جی فلٹر پلانٹ کے قریب قومی شاہراہ ن پررکھ کر دھرنا دیا اور 2 گھنٹے تک کراچی ٹھٹھہ روڈ بلاک کردیا جس کے باعث قومی شاہراہ پر دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کی 24 گھنٹے میں ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔