بھارتی ریاست بہار میں امتحانی مرکز میں جوتے اور موزے پہن کر آنے پر پابندی

ویب ڈیسک  منگل 20 فروری 2018
بھارتی ریاست بہار میں جوتے اور موزے پہن کر امتحان گاہ آنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست بہار میں جوتے اور موزے پہن کر امتحان گاہ آنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کی حکومت نے درجہ دہم کے امتحانات کے دوران طالب علموں پر جوتے اور موزے پہن کر امتحان گاہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاست بہار کی حکومت نے بدھ سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحانات کے دوران  طالب علموں کو جوتے اور موزے پہن کر امتحان دینے کے لیے آنے سے منع کردیا ہے۔

صوبائی حکومت نے فرمان جاری کیا ہے کہ طلبا چپل اور طالبات سینڈل پہن کر امتحان گاہ آئیں، انتظامیہ نے یہ اقدام نقل کی روک تھام کے لیے اُٹھایا ہے جب کہ نو دن جاری رہنے والے امتحانات کے لیے سخت سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ بورڈ حکام کو ویجی لینس بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

کل سے شروع ہونے والے امتحانات میں 17 لاکھ 70 ہزار طلبا شرکت کر رہے ہیں اور اس بار ریاستی حکومت نے ان امتحانات کو چیلنج تصور کیا ہے جس کے بعد میٹرک کے طلبا سے زیادہ یہ ریاست بہار کی حکومت کا امتحان بن گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ریاست کے 38 اضلاع کی پولیس کو امتحانات کے کامیاب انعقاد پر لگادیا ہے۔ ہر امتحان گاہ کے صدر کو موبائل فون کارڈز دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ رابطے کا نظام موثر طریقے سے چلتا رہے۔

واضح رہے کہ بہار حکومت کے سخت اقدامات اس خفگی سے بچنے کے لیے ہیں جس کا سامنا حکومت کو گزشتہ چند برس سے کرنا پڑ رہا ہے اور پورے بھارت میں امتحانات کے ناکام اور نقل سے بھرپور انعقاد پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیوں کہ  بہار میں ہونے والے امتحانات مذاق بن کر رہ گئے ہیں۔ امتحانی کمروں کی کھڑکیوں سے لٹکے ہوئے نوجوان نقل کروانے میں مصروف نظر آتے ہیں جب کہ رشوت دے کر پوزیشن لینے کے اسکینڈل نے بہار حکومت کو مزید مشکل میں ڈال دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔