پی ایس ایل تھری ٹرافی کی دبئی میں رونمائی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 فروری 2018
پی ایس ایل تھری کے ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے فوٹو:ٹوئٹر

پی ایس ایل تھری کے ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے فوٹو:ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کی ٹرافی کی رونمائی دبئی میں کر دی گئی۔

پی ایس ایل تھری ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی۔ ایونٹ میں شریک 6 ٹیموں کے مالکان، کپتانوں، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور دیگر آفیشلز نے شرکت کی۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی خصوصی باکس میں بند ٹرافی کو ہیلی کاپٹر سے اٹھا کر تقریب میں لائے اور اسٹیج پر رکھا، ان کے ساتھ دیگر ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے۔

تقریب رونمائی سے قبل پریس کانفرنس ہوئی۔ بہترین بیٹسمین، بولر، فیلڈر اور وکٹ کیپر کو بھی ٹرافیز دی جائیں گی جنہیں پاکستان کے لیجنڈری پلیئرز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم، لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم اور نئی ٹیم ملتان سلطانز کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا میلہ 22 فروری سے سجے گا۔ ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ دو پلے آف لاہور جبکہ فیصلہ کن معرکہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایڈیشن کا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی ٹیم کو اپنی مہم کا آغاز افتتاحی روز ملتان سلطانز کیخلاف میچ سے کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔