شاہ رخ خان روبوٹ ’صوفیہ‘کے بھی پسندیدہ اداکار

ویب ڈیسک  منگل 20 فروری 2018
صوفیہ نامی روبوٹ چہرے کے 62 سے زائد تاثرات کا اظہار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، فوٹو: فائل

صوفیہ نامی روبوٹ چہرے کے 62 سے زائد تاثرات کا اظہار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، فوٹو: فائل

 ممبئی: سعودی شہریت یافتہ روبوٹ صوفیہ نے بھی بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو پسندیدہ اداکار قرار دے دیا۔

بالی ووڈ میں ویسے تو سب ہی خانز کا راج ہے لیکن بات اگر بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی ہو تو اُن کا اداکاری میں کوئی ثانی نہیں۔ شاہ رخ نے اپنی منفرد اداکاری اور دل موہ لینے والے انداز سے دنیا بھر میں موجود مداحوں پر ایسا سحر طاری کیا ہوا ہے کہ ہر کسی کی پسندیدہ شخصیت شاہ رخ ہیں لیکن مداح تو مداح اب تو روبوٹ نے بھی کنگ خان کو پسندیدہ شخصیت قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ایک تقریب میں سعودی عرب کی شہریت رکھنے والی  صوفیہ نامی روبوٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور دلچسپ انداز سے مختلف سوالات کے جوابات دے کر وہاں موجود تمام ہی حاظرین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: سعودی عرب روبوٹ کو شہریت دینے والا پہلا ملک بن گیا

جب صوفیہ سے پسندیدہ اداکار کا پوچھا گیا تو انہوں نے حاضرین کی پلک جھپکے بغیر جھٹ سے جواب دیا کہ اُن کے پسندیدہ اداکار شاہ رخ خان ہیں۔ صوفیہ  کے برق رفتار جواب نے وہاں موجود شرکاء کو تو اپنی ذہانت سے متاثر کیا لیکن شاہ رخ خان کے دل کو صوفیہ ایسا بھائی کہ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ان کی تعریف کردی۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ عوام نے بھارت آنے والی خاتون سے محبت کا اظہار کیا ہے جب کہ تم نے اپنے ہر بائٹ اور پرزے سے مجھے خود مصنوعی ثابت کردیا۔

واضح رہے کہ سعودی نژاد روبوٹ صوفیہ کو ہانگ کانگ کی کمپنی نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے تخلیق کرکے اتنا ذہین بنادیا ہے کہ وہ چہرے کے 62 سے زائد تاثرات کا اظہار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔