سری لنکا کرکٹرز کو بھارت جانے سے روکنے میں بے بس

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 31 مارچ 2013
بدھ بھکشوئوں نے آئی پی ایل کھیلنے والوں کیخلاف سخت ایکشن کی دھمکی دیدی. فوٹو فائل

بدھ بھکشوئوں نے آئی پی ایل کھیلنے والوں کیخلاف سخت ایکشن کی دھمکی دیدی. فوٹو فائل

کولمبو: سری لنکا نے کرکٹرز کو بھارت جانے سے روکنے میں بے بسی ظاہر کردی، بورڈ نے صاف کہہ دیا کہ وہ کھلاڑیوں پر کوئی بھی پابندی عائد کرنے سے قاصر ہے۔

دوسری جانب بدھ بھکشوؤں نے آئی پی ایل کھیلنے والے پلیئرز کے خلاف سخت ایکشن کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ پر اپنے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ کھیلنے سے روکنے کیلیے دباؤ میں مسلسل اضافہ ہونے لگا تاہم اس نے اپنی بے بسی ظاہر کردی ہے، بورڈ کے سیکریٹری نشانتھا رانا ٹنگا کا کہنا ہے کہ ہم کھلاڑیوں کو بھارت میں جاکر کھیلنے سے نہیں روک سکتے۔

 

یاد رہے کہ تامل ناڈو کی حکومت کی جانب سے دھمکی کے بعد آئی پی ایل نے چنئی کے میچز سے سری لنکا کے کھلاڑیوں کو باہر کردیا جس کی وجہ سے سری لنکا میں کافی غصہ پایا جاتا ہے، تاہم سری لنکا بورڈ اور حکومت کھلاڑیوں کو بھارت جاکر کھیلنے کا پروانہ جاری کرچکی ہے۔

ادھر بھکشوؤں نے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں حصہ لینے سے باز رکھنے کیلیے سخت کارروائی کی دھمکی دے دی، بڈھسٹ نیشلسٹ گروپ روانا فورس نے ایک بار پھر پلیئرز سے ایونٹ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا،ایک بدھ بھکشو کا کہنا ہے کہ ہم کسی بھی صورت میں اپنے کھلاڑیوں کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دے سکتے، اگر انھوں نے آئی پی ایل کھیلی تو پھر ہم سخت ایکشن لیں گے۔ نیشنل بھکشو فیڈریشن پہلے ہی کھلاڑیوں کو بھارت کا سفر کرنے سے منع کرچکی ہے، اس کا کہنا ہے کہ تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جیاللیتا کی جانب سے سری لنکا کے کھلاڑیوں کے اپنی ریاست میں داخلے پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔