بنگال ٹائیگرز نے سری لنکاکو انجانے خوف میں مبتلا کردیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 31 مارچ 2013
پالے کیلی: پریکٹس سیشن کے دوران سری لنکن کرکٹر کتھروان وتھنگے ڈائیو لگا کر کیچ تھام رہے ہیں ۔ فوٹو : اے  ایف پی

پالے کیلی: پریکٹس سیشن کے دوران سری لنکن کرکٹر کتھروان وتھنگے ڈائیو لگا کر کیچ تھام رہے ہیں ۔ فوٹو : اے ایف پی

پالے کیلی: سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ٹوئنٹی 20 میچ اتوار کو پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔

بنگال ٹائیگرز نے آئی لینڈرز کو انجانے خوف میں مبتلا کردیا، مختصر فارمیٹ کے نئے میزبان کپتان دنیش چندیمل نے تسلیم کیاکہ ان کی ٹیم پر کافی دباؤ ہوگا، دوسری جانب سری لنکن ٹیم میں تلکارتنے دلشان اور کمارسنگاکارا کی عدم موجودگی نے بنگلہ دیش کے حوصلے مزید بڑھادیے،کپتان مشفیق الرحیم کا کہنا ہے کہ ٹور کا اختتام فتح پر کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے ہاتھوں آخری ون ڈے میں شکست کے بعد سری لنکا کو ٹوئنٹی 20  میں اپنی ٹاپ پوزیشن خطرے میں دکھائی دینے لگی  ہے۔

اتوار کے میچ میں ناکامی کی صورت میں ٹیم ویسٹ انڈیز کی جگہ دوسرے نمبر پر چلی جائے گی۔ میزبان اسکواڈ میں 6 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے جن میں سے کم سے ایک کا ڈیبیو ضرور ہوگا،زیادہ امکان نوجوان بیٹسمین انجیلوپریراکے کھیلنے کا ہے تاہم ٹیسٹ سیریز میں حصہ لینے والے کتھوروان وتھانگے کانام بھی زیر غور ہے، سری لنکا کے لیے سب سے بڑا امتحان آرام دیے جانے والے نوان کولاسیکرا کے متبادل کا انتخاب ہے۔

اس کیلیے اسکواڈ میں شامل نوجوان آل راؤنڈرز کے ساتھ فاسٹ بولر ایشان جیا رتنے اور لیفٹ آرم اسپنر چاترنگا ڈی سلوا میں سے کسی ایک کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے جبکہ شمندا ایرنگا بھی موجود ہیں۔ دوسری جانب ون ڈے سیریز برابر کرنے کے بعد بنگلہ دیش کو اب ٹوئنٹی 20 میں بھی کامیابی کے آثار دکھائی دینے لگے،ان کیلیے اطمینان کی سب سے بڑی بات حریف سائیڈ میں دلشان اور سنگاکارا کا نہ ہونا ہے، مہمان ٹیم فتح کے امکان کو زیادہ یقینی بنانے کیلیے ایک بیٹسمین کی جگہ تیسرے اسپنر مشرف حسین کو میدان میں اتارنے کا سوچ رہی ہے، اس کیلیے مومن الحق کو قربانی دینا پڑسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔