کراچی میں قومی اسمبلی کا حلقہ 250 اہمیت اختیار کر گیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 31 مارچ 2013
 الیکشن کمیشن نے نئی حد بندی کردی ،معرکہ دلچسپ اور کانٹے کا مقابلہ متوقع۔  فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن نے نئی حد بندی کردی ،معرکہ دلچسپ اور کانٹے کا مقابلہ متوقع۔ فوٹو: اے پی پی

کراچی: کراچی میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 250 اہمیت اختیار کرگیا،جہاں انتخابات میں اہم شخصیات مد مقابل ہوں گی۔

اس حلقے  پر سابق صدر پرویز مشرف، کراچی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، پاکستان تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی،سید حنیف شاہ،کامران ٹیسوری اور دیگر امیدوار عام انتخابات میں آمنے سامنے ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے این اے250 پر مختلف شخصیات جن میں سابق صدر پرویز مشرف، سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان، تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، متحدہ قومی موومنٹ کے ڈاکٹر فاروق ستار ، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان ، عوامی نیشنل پارٹی  کے سید حنیف اور مسلم لیگ فنکشنل  کے کامران ٹیسوری سمیت دیگر مد مقابل ہونگے،اس حلقے پر پیپلز پارٹی کی جانب سے ابھی تک کسی امیدوار کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔

تاہم راشد ربانی کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے جو کہ آج ( اتوار) کو کاغزات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں2008میں این اے 250 پر ایم کیو ایم کی خوش بخت شجاعت پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو شکست دی تھی  لیکن 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں مرزا اختیار بیگ سینیٹ کی ڈاکٹر عبدالحفیظ کی جانب سے خالی کی جانے والی نشست پر سینٹر بننے کا امکان ہے۔

الیکشن 2013میں اس حلقے پر اہم شخصیات کے درمیان مقابلہ ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے اس حلقے کی نئی حد بندی بھی کردی گئی ہے، سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اس حلقے میں انتخابی معرکہ دلچسپ ہوگا اور کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔