موسم کی تبدیلی؛ بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 فروری 2018
بجلی کی طویل دورانیے کے لیے بندش معمول بنتی جارہی ہے،فوٹوایکسپریس

بجلی کی طویل دورانیے کے لیے بندش معمول بنتی جارہی ہے،فوٹوایکسپریس

 کراچی: گرمی کی پہلی لہر نے بجلی کمپنی کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا شہر میں بجلی کے نظام میں آنے والی خرابیوں اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں غیراعلانیہ اضافے نے شہرکوبجلی کے بحران سے دوچار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران شہر میں آنے والی گرمی کی لہر کے ساتھ بجلی کی فراہمی کی صورتحال بھی بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے،2 روز کے دوران شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا سلسلہ ختم ہوگیا، متاثرہ علاقوں میں مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی میں تعطل معمول بنتا جارہا ہے، پیرکی شام کے الیکٹرک کے ٹرانسمیشن سسٹم میں آنے والی خرابیوں کی وجہ سے شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

جس کے نتیجے میں پی ای سی ایچ ایس، پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں میں رات گئے تک بجلی کا بحران جاری رہا، منگل کی صبح ایک بار پھرٹرانسمیشن لائن میں خرابی کی وجہ سے گڈاپ گرڈ اسٹیشن بند ہوگیااس سے بجلی کی فراہمی رات گئے تک مکمل طور پر منقطع تھی، شہرکے دیگر حصوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہااس کے علاوہ متوسط اور غریب طبقے کے علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی غیراعلانیہ طور پر اضافہ کردیا گیا، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک ایسے وقت جب ملک بھر کو لوڈشیڈنگ فری کردیا گیا ہے۔ نجی کمپنی کی جانب سے ملک کے معاشی حب میں سارا سال جاری رہنے والی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ ہرسال موسم گرما میں کراچی کے شہر یوں کو مسلسل 4سے 5ماہ تک بجلی کے بدترین بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کے الیکٹرک کی جانب سے شہر کے متعدد علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، بجلی کی تقسیم کے فرسودہ نظام کی وجہ سے بھی شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہتا ہے، رات گئے تک بجلی کی عدم فراہمی سے شہریوں کے روز مرہ کے امور شدید متاثر رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔