تقریب رونمائی ؛ شعیب ملک کے چٹکلوں پرقہقہے گونج اٹھے

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 21 فروری 2018
چیئرمین پی سی بی نے آفریدی کو اسٹیج پر بلاتے ہوئے لاڈ پیار میں جملے کہے
فوٹو: سوشل میڈیا

چیئرمین پی سی بی نے آفریدی کو اسٹیج پر بلاتے ہوئے لاڈ پیار میں جملے کہے فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  پی ایس ایل تھری کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شعیب ملک کے چٹکلوں پر  ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کیلیے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکاء بڑے خوشگوار موڈ میں نظر آئے، شعیب ملک نے چٹکلے چھوڑے تو کانفرنس ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔ انھوں نے کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستانیوں میں اتنے مقبول ہیں کہ انھیں پٹھان کہا جاتا ہے، رنگت کا ذکر کیے بغیر محض اشارے سے انھوں نے کہا کہ ایسا پٹھان کبھی نہیں دیکھا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کپتانوں کے ساتھ کراچی کنگز کے صدر شاہد آفریدی کو بھی اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔

انھوں نے کہا کہ آل راؤنڈر کی پاکستان کرکٹ کیلیے گراں قدر خدمات ہیں، آپ یہاں اسٹیج پر آکر بیٹھیں،  بعد ازاں انھوں نے از راہ تفنن کہا کہ آفریدی بہت سیدھے سادھے انسان ہیں، ان کے ساتھ زبردستی پیار کرنا ہی پڑتا ہے، اس بات پر سابق قومی کپتان سمیت ہال میں موجود تمام افراد مسکرا دیے۔ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کے سپرد کیے جانے پر نجم سیٹھی نے کہا کہ نوجوان آل راؤنڈر بہت باصلاحیت ہیں اور اچھا پرفارم کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔