عابد باکسر کی گرفتاری معمہ کراچی پہنچنے کی تصدیق نہ ہوسکی

سید مشرف شاہ  بدھ 21 فروری 2018
عابد باکسر کی گرفتاری معمہ کراچی پہنچنے کی تصدیق نہ ہوسکی؛ فوٹوفائل

عابد باکسر کی گرفتاری معمہ کراچی پہنچنے کی تصدیق نہ ہوسکی؛ فوٹوفائل

 لاہور:  سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر کی گرفتاری معمہ بن گئی اسے دبئی سے انٹر پول کے ذریعے دوبارہ گرفتار کرکے کراچی ایئرپورٹ پر بھجوایا گیا تاہم کوئی بھی زمہ دار ادارہ اس کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کر رہا۔

تفصیلات کے مطابق عابد باکسر کو چند روز قبل دبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کی وجہ دو چیک ڈس اونر کے مقدمات بتائے گئے، ان مقدمات سے رہائی کے بعد دو روز قبل دبئی پولیس حکام نے اسے دوبارہ حراست میں لے لیا،عابد باکسر کے متعلق دبئی سے ایک دستاویزات کے مطابق اسے 20فروری کو دبئی ایئرپورٹ سے پاکستان کراچی ایئر پورٹ کے لیے نکالا گیا، ملزم کی گرفتاری اورکراچی آمد کی خبر محکمہ پولیس، سیاستدانوں، فنکاروں اور دیگر عوامی حلقوں میں موضوع بحث بنی رہی، عابد باکسر کو زمین نگل گئی یا آسمان کھا گیا تاحال اس کے بارے میں کچھ پتہ نہ چل سکا۔

متعدد پولیس افسران اور سیاسی شخصیات بھی سارا دن اپنے مختلف ذرائع سے عابد باکسر کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے اور ایک دوسرے سے پوچھتے رہے، بعض افراد نے دبئی رابطے کرکے معلومات لیں، اسلام آباد اور کراچی ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئی شخص جب بیرون ملک سے آتا ہے تو اسے ایف آئی اے کے اندراج کے بعد ایئر پورٹ سے باہر نکالا جاتا ہے لیکن ان کے اندراج میں عابد باکسر کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سارا دن میڈیا پر سابق انسپکٹر عابد باکسر کی گرفتاری اور کراچی آمد کی خبریں نشر ہوتی رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔