ن لیگ کے پاس کراچی میںامن کافارمولا ہے،ظفر علیشاہ

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 31 مارچ 2013
 متحدہ بے اختیارتھی،رشیدگوڈیل،متحدہ حکومت چھوڑدیتی:محمودالرشید، تکرارمیں گفتگو
   فوٹو : فائل

متحدہ بے اختیارتھی،رشیدگوڈیل،متحدہ حکومت چھوڑدیتی:محمودالرشید، تکرارمیں گفتگو فوٹو : فائل

لاہور: نلیگ کے رہنما ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ ن لیگ کے پاس کراچی میں امن کے قیام کا فارمولہ موجود ہے وقت آنے پر بتائیں گے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ کراچی میں امن کے لیے وہاں کے ووٹرز کو بھی آنکھیں کھولنا ہوں گی اگروہ سمجھتے ہیں کہ جن کوانھوںنے ووٹ دیے وہ ان کا تحفظ کرنے میں ناکام رہے ہیں توپھردوسرے کو چن لیں۔ کراچی میں قیام امن کی ناکامی کی ذمے داری سابق حکومت اوراس کے اتحادیوں پرعائد ہوتی ہے۔

اس مرتبہ الیکشن میں ن لیگ سرپرائز دے گی۔ہمارا ایجنڈا یہی ہے کہ ہم اقتدار میں آکر عوام کوجان ومال کا تحفظ دیں گے۔پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاکہ ہم نے پچھلے دور میں بھی کوشش کی کہ کراچی میں امن وامان کو قائم رکھیں لیکن ہم یہ مانتے ہیں کہ ہم اس بارے میں زیادہ کامیاب نہیں ہوسکے ۔کراچی کی بدامنی کی ذمے داری ہم پر عائد ہوتی ہے لیکن امن تو سیکیورٹی فورسزاوراداروں نے ہی قائم کرناہے۔کراچی میں کوئی ایک حکومت یا جماعت امن قائم نہیں کرسکتی۔ایم کیو ایم کے رہنما عبدالرشید گوڈیل نے کہاکہ کراچی کی سڑکوں پر خون بہا ،بوریوں میں لاشیں ملیں لیکن کسی نے یہ سوال نہیں کیا کہ یہ لاشیں کس کی ہیں ۔

کراچی میں کئی ایسے علاقے ہیں جہاں سیکیورٹی ادارے داخل ہونے کی جرات نہیں کرسکتے۔ہمارے پاس مینڈیٹ تھا مگراختیارات نہیں تھے ۔ہم ایک سیاسی پارٹی ہیں ہمارا کوئی ملی ٹنٹ ونگ نہیں ہے ہم صرف بتا سکتے ہیں کہ کراچی کے حالات خراب ہیں کام تو حکومت نے کرنا تھا۔تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے کہاکہ کراچی میں بدامنی کی ذمے دار حکومت اور اس کے اتحادی تھے جب یہ لوگ اقتدار میں تھے تو انھوں نے کراچی کے حالات کو ٹھیک کیوں نہیں کیا اگر ایم کیو ایم کچھ نہیں کرسکتی تھی تو کم ازکم حکومت سے باہر آجاتی ۔کراچی کے عوام پچھلے پچیس تیس سال سے ایم کیوایم کو ووٹ دے رہے ہیں لیکن یہ عوام کے لیے کچھ نہیں کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔