پولیس افسر نے لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو گولی مار دی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 22 فروری 2018

زخمی ڈکیت اسپتال میں دم توڑگیا،ایڈیشنل آئی جی کا پولیس افسر کیلیے انعام کا اعلان۔ فوٹو: فائل

زخمی ڈکیت اسپتال میں دم توڑگیا،ایڈیشنل آئی جی کا پولیس افسر کیلیے انعام کا اعلان۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  بفرزون میں ڈاکو کو پولیس افسر سے لوٹ مارکی کوشش مہنگی پڑ گئی تاہم پولیس افسرنے فائرنگ کرکے ڈکیت کو شدید زخمی کردیا اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

گزشتہ روز صبح تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر15 سے میں مکان نمبر آر357 کے قریب موٹرسائیکل پر سوار ڈاکو نے اسلحے کے روز پر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس کے سب انسپکٹر قادرجیلانی لوٹ مارکی اور فرار ہو رہا تھا کہ پولیس افسر نے اپنی9 ایم ایم پستول سے ڈکیت پر گولی چلادی جس کے باعث ملزم سر پرگولی لگنے سے شدید زخمی ہو کرزمین پر گرگیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اورزخمی ڈاکوکو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا، پولیس نے زخمی ملزم کے قبضے سے30 بور پستول ،3 گولیاں اورموٹرسائیکل نمبرکے ایل ای 4195 برآمد کرکے شروع کردی۔

ایس ایچ او تمیوریہ نواز بروہی کا کہنا ہے کہ پولیس افسر قادرجیلانی بفرزون کا رہائشی ہے اور پولیس افسرکوان کا کوئی دوست یہاں چھوڑنے آیا تھا اورپولیس افسر پیدل اپنے گھر کی جانب جارہا تھا کہ مسلح ڈکیت نے اسے اسلحے کے زورپر لوٹا اورفرار ہو رہا تھا کہ پولیس افسرنے اپنی پستول سے فائرنگ کردی۔

نواز بروہی نے بتایا کہ زخمی ڈکیت کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے بعدازاں شدید زخمی ڈاکو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس افسر قادر جلالی کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔