ملک میں شمسی توانائی کا سب سے بڑا بجلی گھر بنانے کا اعلان

نامہ نگار  جمعرات 22 فروری 2018
پلانٹ تھر کول بلاک2 میں نصب کیا جائے گا، ریون انرجی لمیٹڈ سے معاہدہ طے پا گیا، مقامی افراد کو روزگار ملے گا،مجتبیٰ حیدر
فوٹو : فائل

پلانٹ تھر کول بلاک2 میں نصب کیا جائے گا، ریون انرجی لمیٹڈ سے معاہدہ طے پا گیا، مقامی افراد کو روزگار ملے گا،مجتبیٰ حیدر فوٹو : فائل

اسلام کوٹ: تھر کول بلاک2 میں کوئلے سے بجلی بنانے والی کمپنی نے پاکستان کا سب سے بڑا شمسی توانائی بجلی گھر بنانے کا اعلان کر دیا ۔

اینگرو کے پریس ترجمان محسن ببر نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کاربن اخراجات کو محدود کرنے اور ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کے لیے اینگرو کول مائیننگ کمپنی اور ریون انرجی لمیٹڈ نے تھر کول بلاک ٹو میں شمسی توانائی پر چلنے والے 5 میگا واٹ کا پلانٹ نصب کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

یہ بجلی گھر پاکستان میں نجی شعبے میں سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔ اس بجلی گھر سے توانائی پیدا کرنے کی لاگت میں بھی بچت ہوگی۔ معاہدے پر ریون انرجی کے مجتبیٰ حیدر خان اور اینگرو کول کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید ابوالفضل رضوی نے دستخط کیے۔   اینگرو کول کمپنی کے سی ای او شمس الدین شیخ بھی موجود تھے۔

تقریب کو خطاب کرتے ہوئے ابوالفضل رضوی نے کہا کہ یہ نجی شعبے میں بجلی کی خریداری کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ مجتبیٰ حیدر خان نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے دوران تربیت یافتہ اور غیر تربیت یافتہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔