ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو مات دیکر ٹرافی جیت لی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 22 فروری 2018
میزبان ٹیم19 رنز سے شکست، ڈی آر سی نے سیریز میں دوسری بار نصف سنچری بناڈالی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

میزبان ٹیم19 رنز سے شکست، ڈی آر سی نے سیریز میں دوسری بار نصف سنچری بناڈالی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آکلینڈ:  ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز میں فائنل میں نیوزی لینڈ پھر آسٹریلیا کے جال میں الجھ گئے۔

آکلینڈ کے ایڈن پارک میں پانچ دن پہلے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں رنز کا طوفان آیا تھا جب دونوں جانب سے مجموعی طور پر 32 چھکے جڑے گئے تھے۔

گزشتہ روز اسی وینیو پر انہی دونوں ٹیموں کے درمیان ٹرائنگولر سیریز کا فائنل ہوا مگر اس بار مقابلہ لو اسکوررنگ رہا، کینگروز نے 151 رنز ہدف کے تعاقب میں پاور پلے کے 6 اوورز میں بغیر نقصان کے 55 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے کچھ دیر میچ رکا رہا بعد میں مقابلہ شروع ہوا تو ڈی آرسی شارٹ 50 رنز بناکر کولن منرو کی گیند پر چیپمین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، یہ ان کی اپنی اس ڈیبیو سیریز میں دوسری ففٹی تھی۔

اوپنر ڈیوڈ وارنر 25 رنز بناکر ایش سودھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ایشٹون ایگر 2 کے انفرادی اسکور پر اسٹمپڈ ہوگئے، کامیاب بولر مچل سینٹنر تھے، جب دوسری بار بارش شروع ہوئی تو آسٹریلیا کا اسکور 14.4 اوورز میں 3 وکٹ پر 121 رنز تھا، موسم کے تیور دیکھتے ہوئے ڈی آر ایس پر آسٹریلیا کو 19 رنز سے فاتح قرار دیا گیا جوکہ 103 رنز کے مطلوبہ ہدف سے کہیں آگے نکل چکا تھا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 9 وکٹ پر 150 رنز بنائے، روس ٹیلر 43 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، کولن منرو 29 اور مارٹن گپٹل 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایشٹون ایگر نے 3 جبکہ کین رچرڈسن اور اینڈریو ٹائی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔