ملک کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام کے پی کے میں ہے، پرویز خٹک

ویب ڈیسک  جمعرات 22 فروری 2018
نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے،پرویز خٹک۔ فوٹو:فائل

نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے،پرویز خٹک۔ فوٹو:فائل

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام خیبر پختونخوا میں ہے، بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) سسٹم کا منصوبہ وقت پر مکمل ہوگا مخالفین اس منصوبے پر ڈرامے بازی کررہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پرویز خٹک کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ملک کا سب سے بہترین بلدیاتی نظام موجود ہے جو مقامی ترقی میں حکومت کا ایجنڈا بڑھا رہا ہے جب کہ ہم یورپی یونین کے تعاون کے مشکور ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے اسے قبول کرنا چاہیے جب کہ  اس فیصلے سے کنفیوژن پیدا کی جارہی ہے اب مسلم لیگ (ن) میں اُمیدوار آزاد حیثیت سے انتخاب لڑیں گے کیوں کہ سینیٹ کے الیکشن میں اُمیدواروں کا نام لکھا جاتا ہے پارٹی کا نہیں، سینٹ الیکشن میں کرپشن نہیں ہوگی اور نہ ہی ہارس ٹریڈنگ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ بس ریپڈ ٹرانسپورٹ (بی آر ٹی) سسٹم کا منصوبہ وقت پر مکمل ہوگا جب کہ مخالفین اس منصوبے پر ڈرامے بازی کررہے ہیں، اگر  کام کے معیار پر بات کی جائے تو مخالفین نے اپنے دور میں کچھ نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔