بھارتی اداکارہ چلتی ٹرین میں ہراسانی کا شکار 

ویب ڈیسک  جمعرات 22 فروری 2018
چالیس سالہ شخص نے اداکارہ کو اندھیرے میں چھونے کی کوشش کی۔فوٹو: فائل

چالیس سالہ شخص نے اداکارہ کو اندھیرے میں چھونے کی کوشش کی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارت کی ملیالم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سنوشا سنتوش کو چلتی ٹرین میں جنسی طور پر ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

خود کو سیکولر ملک کہنے والے بھارت میں جہاں فلموں میں رقص میں عریانی اور ماڈرنزم کو دکھایا جاتا ہے وہیں دوسری جانب بھارت میں آئے روز زیادتی اور ہراسانی کے واقعات دیکھنے میں آتے ہیں۔ ہالی ووڈ میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ تو جنسی زیادتی کی خبریں زیر گردش تھیں وہیں اب بھارتی ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ  بھی چلتی ٹرین میں ہراسمنٹ کا شکار ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ سنوشا سنتوش کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ اُس وقت رونما ہوا جب وہ اپنی آبائی جگہ سے فلم کی شوٹنگ کے لیے دوسرے شہر جارہی تھیں تب انہیں رات کے اندھیرے میں 40 سالا شخص کی جانب سے ہراساں کرنے کی مبینہ کوشش کی گئی جس پر اداکارہ کی جانب سے شور کیا گیا تو وہاں موجود فلم کے رائٹر اور دیگر مسافروں نے ملزم کو پکڑ کر قریبی موجود ریلوے پولیس کے حوالے کردیا۔

رپورٹس کے مطابق تفتیشی آفیسر کا کہنا ہے کہ اداکارہ  کو داد دینی چاہیے کہ انہوں نے دماغ کو حاضر رکھتے ہوئے ملزم کو پکڑے رکھا اور اپنے ساتھ ہونے والی ہراسانی کے واقعے کے خلاف آواز بلند کی جب کہ اُن کا یہ اقدام نہ صرف دیگر عورتوں کے لیے بھی ایک سبق ہے بلکہ ان کے جرأت مندانہ عمل سے معاشرے میں اس طرح کے واقعات میں بھی کمی آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔