سعودی عرب میں عالمی یوم خواتین پر موسیقی کا میلہ ہوگا

خبر ایجنسیاں  جمعـء 23 فروری 2018
سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔فوٹو: فائل

سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔فوٹو: فائل

ریاض:  سعودی عرب میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ فہد کلچرل سینٹر میں دو روزہ موسیقی میلہ منعقد ہوگا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میلے کا عنوان ’’ سلمان کی بیٹیاں ‘‘ ہے اور اس میں سعودی خواتین موسیقاروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین شرکت کریں گی۔ اس دو روزہ موسیقی میلے کی سپانسر شہزادی نورا بنت محمد آل سعود ہوں گی، جومارچ سے شروع ہوگا جب کہ اس میں خواتین تھیٹر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی۔

سعودی عرب کی مشہور شاعرات اپنا کلام سنائیں گی اور سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔شاہ فہد ثقافتی مرکز میں سعودی خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص لابی میں مختلف شو بھی دکھائے جائیں گے۔

پروگرام میں نئے میڈیا ، فوٹو گرافی ، میڈیکل کلچر ، پلاسٹک آرٹس اور لوک ثقافت کے موضوعات پر مختلف سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس میلے کے دوران میں صحافت ، فنون لطیفہ ، تصویر کشی ، شاعری ، کھیل ، انتظامیہ اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل خواتین کو اعزازت سے نوازا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔